0
Monday 28 Jan 2013 15:36

کوہاٹ انتظامیہ کی ایم ڈبلیو ایم کے ہفتہ وحدت پروگرام کو سبوتاژ کرنے کی کوشش، اہلسنت علماء کو شرکت سے روک دیا

کوہاٹ انتظامیہ کی ایم ڈبلیو ایم کے ہفتہ وحدت پروگرام کو سبوتاژ کرنے کی کوشش، اہلسنت علماء کو شرکت سے روک دیا
اسلام ٹائمز۔ کوہاٹ کی انتظامیہ نے مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا شعبہ جوانان کے زیر اہتمام ہفتہ وحدت کے سلسلے میں مسجد زہرا (س) کوہاٹ میں منعقد ہونے والے محفل میلاد کے پروگرام کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی اور اہل سنت علماء و سیاسی رہنماوں کو بھی شرکت سے روک دیا۔ جس کے باعث پروگرام کو مختصر کردیا گیا۔ ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخوا شعبہ جوانان کے سیکرٹری جنرل علامہ مجتبیٰ حسین الحسینی کے مطابق گزشتہ تین سال سے کے ڈی اے میں قائم مسجد زہرا (س) میں مجالس عزاء پر پابندی عائد تھی تاہم گزشتہ سال میلاد النبی (ص) کے موقع پر محفل میلاد کے انعقاد کی اجازت دی گئی۔ اس بناء پر ایم ڈبلیو ایم جوانان کے زیر اہتمام اسی مقام پر ہفتہ وحدت کے سلسلے میں محفل میلاد کا اہتمام کیا گیا، اور شیعہ سنی علمائے کرام اور سیاسی شخصیات کو شرکت کی دعوت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تاہم کوہاٹ کی انتظامیہ بشمول ڈی سی، اے سی اور ڈی پی او نے مجلس وحدت مسلمین کی برق رفتار کامیابیوں سے خوفزدہ ہو کر پہلے تو اہل سنت علمائے کرام اور عوام کو جشن میلاد کے پروگرام میں شرکت سے روکا اور پھر پولیس کی بھاری نفری محفل میلاد کے پروگرام کو سبوتاژ کرنے پہنچ گئی۔ 

علامہ مجتبیٰ حسین نے مزید بتایا کہ ہمارے کی جانب سے پرنور محفل کے انعقاد کی بھرپور کوشش کی گئی تاہم مقامی انتظامیہ نے شان رسالت (ص) میں عملاً گستاخی کرتے ہوئے محفل میلاد میں عملاً دخل اندازی کی۔ لہذا ہم نے ملک اور صوبے کے نازک حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے محفل میلاد کے پروگرام کو مختصر کرکے کوہاٹ کی پرامن فضاء برقرار رکھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ کوہاٹ انتظامیہ کی اس زیادتی کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے اور محفل میلاد اور ہفتہ وحدت جیسے مذہبی پروگرامات کو سبوتاژ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 235457
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش