0
Tuesday 29 Jan 2013 13:39

آزاد کشمیر کے50ارب کے بجٹ میں تحریک آزادی کیلئے ایک روپیہ نہیں رکھا گیا، ترابی

آزاد کشمیر کے50ارب کے بجٹ میں تحریک آزادی کیلئے ایک روپیہ نہیں رکھا گیا، ترابی
اسلام ٹائمز۔ زرداری حکومت نے مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال دیا ہے۔ جنرل مشرف نے پہلے مسئلہ کشمیر پر یو ٹرن لیا اور زرداری حکومت نے مشرف سے دو قدم آگے بڑھ کر مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال دیا۔ موجودہ حکومت کا تحریک جہاد میں کوئی کردار نہیں۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر عبدالرشید ترابی نے ہجیرہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے 50ارب کے بجٹ میں تحریک آزادی کے لئے ایک روپیہ بھی وقف نہیں کیا گیا جو ہمارے لئے ایک المیہ ہے۔ مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال کر بھارت سے دوستی کی پینگیں بڑھائی جا رہی ہیں۔ جب زرداری حکومت نے بھارت کو موسٹ فیورٹ نیشن قرار دیا تو وزیراعظم آزادکشمیر نے اسمبلی سے زرداری کے حق میں قرارداد پاس کروائی جو کہ شہداء کشمیر کے خون سے غداری کے مترادف ہے۔ 

انھوں نے کہا کہ آج حکومت پاکستان نے کشمیریوں کو بالکل بے سہارا چھوڑ دیا ہے اور لاکھوں کشمیریوں کے قاتل کو موسٹ فیورٹ ملک قرار دیا جا ہے لیکن ان سب نامساعد حالات کے باوجود کشمیری آج بھی سید علی گیلانی کی قیادت میں صبر و استقامت سے جہاد میں مصروف ہے اور بھارت کی سات لاکھ فوج تمام تر مظالم کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ جہاد کو سرد نہ کرسکی۔ یہاں کی کرپٹ حکومت نے خطے کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ خطہ بھر کی سڑکیں کھنڈرات کا نمونہ پیش کر رہی ہیں۔ پلندری ہجیرہ شاہراہ جو ایک اہم دفاعی شاہراہ ہے کو پندرہ سال قبل اکھاڑا گیا اور پندرہ سال گذر جانے کے باوجود ابھی تک اس شاہراہ کو مکمل نہیں کیا گیا۔ ملازمین کی تنخواہوں کے لئے خزانے میں رقم نہیں اور حکومت وزیر،مشیروں اور کوآرڈینیٹروں کی فوج ظفر موج بھرتی کر رہی ہے۔ 

عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جب انٹرا کشمیر ٹریڈ شروع کی گئی تو ہم نے اسوقت بھی ہم نے اس کی مخالفت کی تھی اور اب ایک گولے سے ساری ٹریڈ دھڑم ہو گئی ہے اور ٹریڈ کا سامان ہجیرہ میں ٹریڈ منڈی نہ ہونے کیوجہ سے سہالہ کا چکر لگا کر واپس ہجیرہ آتا ہے جو یہاں کے شہری انتہائی مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ حکومت کی نااہلی ہے کہ وہ اب تک ہجیرہ میں ٹریڈ منڈی نہیں قائم کرسکی۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آزادکشمیر اس خطے سے کرپٹ اور ظلم کے نظام کے خاتمے کے لئے برسرپیکار ہے اور جب تک آزادخطہ میں دیانتدار اور امانتدار قیادت برسراقتدار نہیں آتی تب تک یہاں سے کرپشن،ظلم و ناانصافی کا خاتمہ ناممکن ہے۔
خبر کا کوڈ : 235658
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش