0
Saturday 2 Feb 2013 16:19

ایران کے ہوتے ہوئے پاکستان کو تکنیکی معاونت کیلئے امریکہ کی ضرورت نہیں ہے، علی اکبر ولایتی

ایران کے ہوتے ہوئے پاکستان کو تکنیکی معاونت کیلئے امریکہ کی ضرورت نہیں ہے، علی اکبر ولایتی
اسلام ٹائمز۔ ایران کو گیس پائپ لائن بچھانے کے لئے مکمل تکنیکی مہارت حاصل ہے، اگر پاکستان کو اس مناسبت سے مسائل کا سامنا ہے تو ایران کے ہوتے ہوئے پاکستان کو امریکہ یا یورپ کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ ان خیالات کا اظہار ایران کے سابق وزیر خارجہ اور مقام معظم رہبری کے خارجہ امور میں مشیر خاص علی اکبر ولایتی نے جماعت اسلامی پاکستان کے سربراہ سید منور حسن، مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی، سربراہ شوریٰ عالی مولانا شیخ محمد حسن صلاح الدین، شیعہ علماء کونسل سندھ کے جنرل سیکرٹری علامہ ناظر عباس تقوی، مولانا مرزا یوسف حسین، جماعت اسلامی کراچی خارجہ امور کے ڈائریکٹر مظفر احمد ہاشمی اور دیگر شیعہ سنی علمائے کرام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علی اکبر ولایتی نے اپنی گفتگو میں مسلمانوں کے اتحاد پر زور دیا اور کہا ہے کہ اسلامی دنیا اپنے اتحاد کے ذریعے اسلام کے دشمنوں کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران دنیا بھر میں مسلمانوں کے اتحاد کو مضبوط کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کر رہا ہے، حال ہی میں 600 سے زائد سنی اور شیعہ مسلمانوں کے علماء کرام نے تہران میں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس میں حصہ لیا ہے۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کے سربراہ سید منور حسن نے پاک ایران گیس پائپ لائن پر مکمل حمایت کا اظہار کیا اور کہا کہ ایران کی مدد اور تعاون سے پاکستان توانائی کے بحران پر قابو پاسکتا ہے۔ پاکستان اور ایران اپنے اتحاد سے افغانستان میں امریکہ اور نیٹو کی سامراجی ایجنڈے کو شکست دیں گے۔ منور حسن نے کہا کہ حکومت پاکستان کو ایران کے ساتھ تعلقات کو زیادہ دوستانہ اور برادرانہ بنانے پر توجہ مرکوز کرنا چاہیئے۔ انہوں نے پاکستان میں شیعہ سنی فرقہ وارانہ تشدد کے تاثر کو مسترد کیا اور کہا کہ امریکہ اور اس کے ایجنٹ ملک میں فرقہ وارانہ تشدد کو فروغ دینے کی سازش میں ملوث ہیں، لیکن ہم ان کی خواہشات کو پورا نہیں ہونے دیں گے۔

علامہ امین شہیدی نے کہا کہ پاکستان میں فرقہ واریت کی سازش کو ناکام بنانے کے لئے شیعہ اور سنی متحد ہیں، امریکی پے رول پر پلنے والے دہشت گردوں کی کوشش ہے کہ وطن عزیز میں شیعہ و سنی کے درمیان دوریاں پیدا ہوں، لیکن وطن عزیز کے محب وطن بیٹے اپنی مادر وطن کا دفاع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ رہبر معظم سید علی خامنہ ای کی بابصیرت قیادت کی موجودگی میں ہم متحد ہیں اور انشاءاللہ رہبر معظم کی سوچ کے مطابق دشمن کو ہر صورت شکست دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 236659
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش