0
Tuesday 5 Feb 2013 21:21

کشمیری مجاہدین دہشت گرد نہیں فریڈم فائٹر ہیں،سنی اتحا د کونسل

کشمیری مجاہدین دہشت گرد نہیں فریڈم فائٹر ہیں،سنی اتحا د کونسل
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک گیر ’’یومِ یکجہتئ کشمیر‘‘ منایا گیا اور ملک بھر میں کشمیری حریت پسندوں کی حمایت میں جلسے اور جلوس منعقد کئے گئے اور مسئلہ کشمیر کے موضوع پر مذاکروں اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا۔ یومِ یکجہتئ کشمیر کے موقع پر سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے المرکز الاسلامی شادباغ لاہور میں کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے،بھارت مسلسل اقوام متحدہ کی قراردادوں سے انحراف کر کے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری مجاہدین دہشت گرد نہیں فریڈم فائٹر ہیں، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں، دنیا میں سب سے زیادہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں مقبوضہ کشمیر میں ہو رہی ہیں۔ کانفرنس سے مفتی محمد حسیب قادری، مفتی محمد اطہر القادری، محمد نواز کھرل، علامہ نواز بشیر جلالی، صاحبزادہ سیّد صابر حسین شاہ گردیزی، پیر طارق ولی چشتی اور پیر میاں غلام مصطفی نے بھی خطاب کیا۔

سنی اتحاد کونسل کے سیکرٹری جنرل حاجی محمد حنیف طیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر پاکستانی سفارتخانے میں کشمیر ڈیسک قائم کرے، حکومت نے مسئلہ کشمیر سردخانے میں ڈال رکھا ہے، آزادی کشمیریوں کا مقدر ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی راہنما طارق محبوب نے کہا کہ عالمی برادری مظلوم کشمیریوں کی چیخوں کو سنے، ہزاروں کشمیریوں کے قاتل بھارت سے دوستی نہیں ہو سکتی، بھارت آبی دہشت گردی کے ذریعے پاکستان کو صحرا بنانے کی سازش کر رہا ہے۔

صاحبزادہ سیّد مظہر سعید کاظمی نے کہا کہ بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینا کشمیریوں سے بے وفائی اور کشمیری شہداء کے خون سے غداری ہے، بھارت کو پسندیدہ نہیں دہشت گرد ملک قرار دیا جائے۔ یومِ یکجہتئ کشمیر کے موقع پر فیصل آباد میں مولانا باغ علی رضوی، ملک بخش الٰہی، حنیف چوہدری، سمندری میں مفتی محمد سعید رضوی، منڈی بہاؤ الدین میں صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، گوجرانوالہ میں صاحبزادہ محمد داؤد رضوی، مولانا محمد اکبر نقشبندی، خانیوال میں شیخ ذوالفقار علی رضوی، میانوالی میں علامہ منظور عالم سیالوی، ہری پور میں علامہ بشیر القادری، کوئٹہ میں پیر خالد سلطان قادری، حافظ آباد میں بیرسٹر وسیم الحسن نقوی، ساہیوال میں میاں محمد اصغر رامے اور جھنگ میں علامہ فاروق سلطان قادری نے کشمیر ریلیوں سے خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 237440
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش