0
Sunday 10 Feb 2013 17:36

حکومت کے بعد اب ریاستی ادارے بھی ناکام ہوتے نظر آرہے ہیں، شکیل قادری

حکومت کے بعد اب ریاستی ادارے بھی ناکام ہوتے نظر آرہے ہیں، شکیل قادری
اسلام ٹائمز۔ آل پاکستان مسلم لیگ کراچی کے صدر کنور ارشد علی خان نے پاکستان سنی تحریک کے کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال انتہائی کشیدہ ہے، تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کو بدامنی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اپنانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب کے باہر پاکستان سنی تحریک کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں کارکنان سے اظہار یکجہتی کے بعد پی ایس ٹی کے مرکزی رہنما محمد شکیل قادری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر فہیم الدین شیخ، مطلوب اعوان، سیف الرحمٰن و دیگر بھی موجود تھے۔ پاکستان سنی تحریک کے مرکزی رہنما محمد شکیل قادری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ، دہشت گردی کے خلاف احتجاج جاری رہے گا، حکومت بے حس ہوچکی ہے، احتجاج کے باوجود حکومت کی کان پر جوں تک نہیں رینگتی، روزانہ کی بنیاد پر 15 سے 20 افراد کا قتل معمول بن چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت تو پہلے ہی ناکام ہو چکی ہے مگر اب ریاستی ادارے بھی ناکام ہوتے نظر آرہے ہیں، حکومت میں ذرا بھی انسانیت ہے تو ٹارگٹ کلنگ اور بدامنی کے خاتمے کے لئے مثبت اقدامات کرے وگرنہ حکومت تحلیل کرکے گھروں کو چلی جائے، موجودہ حکمرانوں سے توقع رکھنا اب فضول ہے۔ محمد شکیل قادری نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک کے علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ کو 5 روز ہوگئے، ٹارگٹ کلنگ میں کمی کے بجائے مسلسل اضافہ ہورہا ہے جو کہ افسوسناک عمل اور حکمرانوں کی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ جمہوری حکمرانوں کی منفی پالیسی کے سبب قیام امن کی کوششوں میں ناکامی، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ میں اضافے کے باعث تاجر برادری آج آرٹیکل 245 کے تحت فوج کی تعیناتی یا گورنر راج کے نفاذ کا مطالبہ کررہی ہے جو کہ موجودہ جمہوری حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کا شاخسانہ ہے جس کی وجہ سے جمہوری قدروں کو دن بدن نقصان پہنچ رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 238612
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش