0
Friday 15 Feb 2013 07:38

کراچی میں جنرل نصیر اللہ بابر کے آپریشن کے نتائج قوم آج تک بھگت رہی ہے، منورحسن

کراچی میں جنرل نصیر اللہ بابر کے آپریشن کے نتائج قوم آج تک بھگت رہی ہے، منورحسن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے افضل گورو کو پھانسی پر لٹکا دیا جبکہ ہمارے بزدل حکمرانوں نے تخریب کار سربجیت سنگھ کو سر پر بٹھا رکھا ہے۔ عوام ملک میں عادلانہ نظام دیکھنا چاہتے ہیں تو آئندہ انہیں انتخابات میں کروڑوں خرچ کرکے اربوں کمانے والے، کرپٹ اور جعلی ڈگری ہولڈرز کا راستہ روکنا ہوگا۔ طاہر القادری کی پٹیشن میں سپریم کورٹ کا فیصلہ قابل تحسین ہے، جس نے ناصرف طاہر القادری اور ان کے حامیوں کو آئینہ دکھایا بلکہ انتخابات کے التواء کی اندرونی اور بیرونی سازشوں کا بھی قلع قمع کردیا۔ الیکشن کمیشن سے گلہ ہے کہ اس نے سپریم کورٹ کے کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کی تشکیل اور فوج کے ذریعے ووٹرلسٹوں کی تصدیق کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں کروایا۔ ایم کیو ایم سیاسی جماعت نہیں دہشت گردوں کا ٹولہ ہے جس نے منی پاکستان اور ملک کے معاشی حب کو یرغمال بنارکھا ہے۔ ایجنسیاں ایم کیو ایم کی سرپرستی چھوڑ دیں تو وہ کراچی سے ایک نشست بھی نہیں لے سکے گی۔
 
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری کارکنان جماعت کی مرکزی تربیت گاہ کے آخری سیشن سے خطاب اور ڈاکٹر بشیر محمد اور شاکر اللہ خان کی قیادت میں خیبر پختونخوا سے ملاقات کرنے والے دیر کے عمائدین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سید منور حسن نے کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ نے بی جے پی وسواہندو پریشد کی دہشت گردی کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے مگر ہمارے حکمرانوں نے چپ سادھ رکھی ہے، سمجھوتہ ٹرین میں پاکستانی مسافروں کو زندہ جلانے سمیت دہشت گردی کے لاتعداد واقعات میں بی جے پی کے ملوث ہونے کے تمام ثبوت مل چکے ہیں لیکن حکمران بھارت کے خلاف عالمی عدالت میں جانے اور پاکستان کا مقدمہ لڑنے کیلئے تیار ہیں نہ بھارت کے خلاف زبان کھول رہے ہیں۔ اس اعتراف کے باوجود کہ افضل گورو کے خلاف کوئی ثبوت نہیں بھارتی سپریم کورٹ نے ہندوئوں کے خوف سے اسے پھانسی دیکر عدل و انصاف کا خون کیا۔
 
انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا میں سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویدار ہے لیکن اس کی عدلیہ بھی مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک روا رکھے ہوئے ہے۔ سید منورحسن نے کہاکہ ہم کراچی سمیت ملک میں کسی جگہ بھی ملٹری آپریشن کی حمایت نہیں کریں گے، کراچی میں جنرل نصیر اللہ بابر کے آپریشن کے نتائج قوم آج تک بھگت رہی ہے، قتل و غارت گری، بھتہ خوری، بوری بند لاشوں اور ٹارگٹ کلنگ کے تمام ثبوتوں کے باوجود ایجنسیاں دہشت گردوں کی سرپرستی کررہی ہیں اور ایم کیو ایم کو ہارا ہوا الیکشن جتوا دیتی ہیں، انتخابات کو شفاف بنانے کے ذمہ دار ادارے بدترین دھاندلی پر آنکھیں موند لیتے ہیں۔ نامی گرامی مجرموں کی آخری پناہ گاہ ایم کیو ایم ہے بلکہ ایسے مجرموں کو ایم کیو ایم سے رابطہ کرنے پر باقاعدہ مجبور کیا جاتا ہے۔ ایجنسیاں پشت پناہی چھوڑ دیں تو کراچی میں انتخابات کو شفاف بنایا اور عوام کا اعتماد بحال کیا جاسکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 239731
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش