0
Saturday 4 Apr 2009 12:43

لالو، ملائم اور پاسوان ساتھ ساتھ

لالو، ملائم اور پاسوان ساتھ ساتھ
شمالی ہندوستان کے تین بڑے سیاسی لیڈروں لالو پرساد یادو، ملائم سنگھ یادو اور رام ولاس پاسوان نے اعلان کیا ہے کہ وہ تینوں مل کر آنے والے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کو شکست دینے اور منموہن سنگھ کی سربراہی میں یو پی اے کی حکومت بنانے کے لیے کام کریں گے۔ اس بات کا اعلان تینوں رہنماؤں نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ اس اتحاد کے نتیجے میں آنے والے انتخابات میں ملائم سنگھ کی سماج وادی پارٹی بہار میں اپنا کوئی امیدوار نہیں کھڑا کرے گی جس کے بدلے میں اترپردیش میں لالو پرساد یادو کی راشٹریہ جنتا دل اور رام ولاس پاسوان کی لوک جن شکتی پارٹی کا کوئی امیدوار میدان میں نہیں اترے گا۔ اس موقع کو تاریخی لمحہ بتاتے ہوئے ملائم سنگھ یادو نے کہا کہ ’ہم لوگ ماضی کی تلخیاں بھول کر سیاست میں تبدیلی لانے کی کوشش کر رہے ہیں‘۔ انہوں نے کہا کہ یہ اتحاد صرف عام انتخابات میں نہیں بلکہ آئندہ سبھی اتنخابات کے لیے ہے۔ اس موقع پر لالو پرساد یادو کا کہنا تھا کہ ’تینوں پارٹیاں فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دینے کے لیے ایک ساتھ آئی ہیں‘۔ لالو پرساد یادو نےیہ بھی واضح کیا ان کا یہ اتحاد کوئی محاذ نہیں بلکہ یو پی اے کا ہی حصہ ہے۔ خیال رہے کہ لالو اور پاسوان دونوں کی ہی جماعتیں قومی ترقی پسند محاذ یعنی یو پی اے کا حصہ ہیں اور اس سے قبل لالو اور پاسوان نے بہار میں ایک ساتھ انتخابی میدان میں اترنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم اب ماہرین کا کہنا ہے کہ اترپردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو ہرانے کے لیے مسلم ووٹ اس اتحاد کے حق میں جا سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ ان تینوں جماعتوں کے اتحاد کا عندیہ کچھ روز قبل سماج وادی پارٹی کے سابق جنرل سیکرٹری امر سنگھ نے دلی میں ایک پریس کانفرنس میں دیا تھا۔ انہوں نے بتایا تھا کہ تینوں جماعتوں کے معاہدے کے تحت بہار اور اتر پردیش میں سماج وادی پارٹی لالو پرساد یادو کی پارٹی راشٹریہ جنتا دل اور رام ولاس پاسوان کی پارٹی لوک جن شکتی پارٹی کی انتخابی مہم میں شامل ہوں گی جبکہ یہ دونوں جماعتیں اتر پردیش میں سماج وادی پارٹی کی انتخابی مہم ميں حصہ لیں گی۔
خبر کا کوڈ : 2406
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش