0
Monday 25 Feb 2013 14:55

ایم کیو ایم نے کراچی میں الیکشن کمیشن کو یرغمال بنایا ہوا ہے، محمد حسین محنتی

ایم کیو ایم نے کراچی میں الیکشن کمیشن کو یرغمال بنایا ہوا ہے، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے مطابق کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کا تقرر اور جعلی ووٹر لسٹوں کی درستگی پر عملدرآمد نہ ہونا توہین عدالت ہے۔ کراچی میں ایم کیو ایم نے الیکشن کمیشن کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ جماعت اسلامی کراچی میں ’’ انجینئرڈ ‘‘ انتخابات کو کسی بھی صورت قبول نہیں کرے گی۔ جعلی ووٹر لسٹوں کی درستگی کے لئے پاک فوج گھر گھر جاکر سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی کراچی اور سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے پریس کلب لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ حافظ نعیم الرحمان، برجیس احمد اور سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پنجاب محمد فاروق چوہان بھی موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ایم کیو ایم کے مافیا کے ہاتھوں یرغمال شہر بن چکا ہے۔ آزاد عدلیہ اور فوج کراچی میں پرامن، شفاف اور آزادانہ انتخابات کو ممکن بنا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سندھ ابھی تک سپریم کرٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کروا سکا۔ یہ اس کی نااہلی اور غیر ذمہ دارانہ طرز عمل ہے۔ اگر کراچی میں آئندہ چند روز میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق نئی حلقہ بندیوں اور جعلی ووٹر لسٹوں کی درستگی نہ کی گئی تو کراچی کی تمام جماعتوں کے ساتھ مل کر اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر کے آفس کے باہر شدید احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی مسلسل ٹارگٹ کلنگ، بھتہ مافیا اور بوری بند لاشوں کی تصویر پیش کر رہا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان قائم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ کراچی کی موجودہ تشویشناک صورتحال کی ذمہ دار ایم کیو ایم اور دیگر اتحادی جماعتیں ہیں۔ کراچی میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ میں گذشتہ چار سالوں میں سات ہزار افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ عروس البلاد کراچی کا امن تباہ و برباد ہو گیا ہے۔ کراچی شہر میں اغوا برائے تاوان کی وارداتیں بہت بڑھ گئی ہیں۔ کروڑوں روپے روزانہ بھتہ وصول کیا جاتا ہے۔ گذشتہ چار سالوں میں کراچی میں سات ہزار افراد مارے گئے۔ 2012ء میں 673 بوری بند لاشیں مل چکی ہیں اور 2013ء میں بھی ٹارگٹ کلنگ، بوری بند لاشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے مقتدر حلقوں کا یہ فرض ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر فوری عملدرآمد کروائیں۔ کراچی میں شفاف، آزادانہ انتخابات سے بھتہ مافیا اور جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع ہو گا۔ کراچی میں بدامنی اور ٹارگٹ کلنگ، علمائے کرام اور سیاسی رہنماؤں کا قتل ایک قومی مسئلہ ہے جس کے حل کے لئے تمام قومی، سیاسی اور دینی جماعتوں کو مشترکہ لائحہ عمل ترجیحی بنیادوں پر اختیار کرنا چاہیئے۔ کراچی شہر میں امن کی بحالی کے لئے ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خوری سے نجات کے لئے جرائم پیشہ افراد جن کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو ان کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے بلاتفریق سخت کارروائی کریں اور کراچی میں امن و امان کا قیام یقینی بنایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 242419
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش