0
Wednesday 27 Feb 2013 11:06

عوام بندر بانٹ اور ملک مکا کی سیاست کو تسلیم نہیں کریں گے، محمد شاہد غوری

عوام بندر بانٹ اور ملک مکا کی سیاست کو تسلیم نہیں کریں گے، محمد شاہد غوری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سُنی تحریک کے مرکزی رہنما محمد شاہد غوری نے کہا ہے کہ عام انتخابات کا التواء کسی بھی صورت ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہوگا۔ عوام بندر بانٹ اور ملک مکا کی سیاست کو تسلیم نہیں کریں گے۔ نگران حکومت کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے تاکہ غیر جانبدارانہ الیکشن کا انعقاد ممکن بنایا جاسکے۔ پاک افواج کی طرف سے بروقت الیکشن کے حق میں دیا گیا بیان جمہوریت کے استحکام کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ مسلم لیگ (ن) کیساتھ اتحاد کیلئے مشاورت اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ 27 فروری کو اسی سلسلہ میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ و دیگر امور پر پاکستان سنی تحریک اور (ن) لیگ کی ورکنگ کیمٹی کا اجلاس بھی ہوگا۔ سازش کے تحت ملک میں امن و امان کی صورت حال کو خراب کیا جا رہا ہے۔ کوئٹہ اور کراچی سمیت ملک بھر میں امن و امان کی صورت حال کو مخدوش کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سنی تحریک کی سیاسی ورکنگ کمیٹی کے اہم ترین اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

محمد شاہد غوری نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کی لڑائی نورا کشتی ہے جسے اب عوام تسلیم نہیں کریں گے۔ ایک سوچی سمجھی سا زش کے تحت حالات کو خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن الیکشن ملتوی کروانے کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہو نے دیں گے۔ شفاف اور بروقت انتخابات ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہیں۔ کراچی سمیت ملک بھر میں کسی نے اگر بندوق کے زور پر انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی تو قوم بھر پور مذاحمت کرے گی۔ نااہل حکمرانوں نے ملک و قوم کو دہشت گردی، مہنگائی، اور کرپشن کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ مہنگائی نے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ روٹی، کپڑا اور مکان کے خواب دکھانے والے عوام کو بے روزگاری، بھوک و افلاس، مہنگائی، ڈرون حملے اور لاقانونیت کے تحفے دے رہے ہیں۔ قوم پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں سے شدید مایوس ہوچکی ہے۔ ملکی عزت وقار کا سودا کرنیوالوں اور قوم کو اندھیروں میں دھکیلنے والوں کے دن گنے جاچکے ہیں۔ آئندہ انتخابات حکمرانوں کے لئے پل صراط ثابت ہوں گے۔ محمد شاہد غوری کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں ملک بھر کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔ اجلاس میں مرکزی رہنما محمد شکیل قادری، محمد شاداب رضانقشبندی، خان محمد جتک، محبوب سہتو، محمد زاہد حبیب قادری، محمد مطلوب اعوان و دیگر شریک تھے۔
خبر کا کوڈ : 242819
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش