0
Saturday 2 Mar 2013 04:04

شفاف انتخابات اور ٹرین مارچ وقت کی ضرورت ہے، محمد حسین محنتی

شفاف انتخابات اور ٹرین مارچ وقت کی ضرورت ہے، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ انتخابی فہرستوں کی تصدیق کے عمل میں فوج کو شامل نہ کرکے یرغمالی قوتوں کو تقویت پہنچائی گئی، ٹرین مارچ کے ذریعے چیف الیکشن کمشنر پر دباؤ ڈالا جائیگا کہ وہ سپریم کورٹ کے احکامات پر من و عن عملدرآمد کریں، شفاف انتخابات اور ٹرین مارچ وقت کی ضرورت ہے، کراچی کے عوام پچھلے پانچ سالوں سے یرغمال بنے ہوئے ہیں، بھتہ خوروں اور ٹھپہ مافیا سے نجات کیلئے اب عوام کو بھی باہر نکلنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں جاری قتل و غارت گری، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور ووٹر لسٹوں کی تیاری میں ہونے والی بے قاعدگیوں کے خلاف متحدہ اپوزیشن جماعتوں کے تحت 3 مارچ سے شروع ہونے والے ٹرین مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں ادارہ نورحق میں منعقدہ ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری نسیم صدیقی، نائب امراء برجیس احمد، راجہ عارف سلطان، حافظ نعیم الرحمن، نصراللہ خان شجیع، ڈاکٹر عبدالواسع شاکر، سید محمد اقبال، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر نے شرکت کی۔

محمد حسین محنتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ملک کی اقتصادی شہ رگ ہے مگر بدقسمتی سے یہ بدامنی اور لاقانونیت کی آماجگاہ بن چکا ہے، دن دیہاڑے معصوم شہریوں کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے، امن و امان کی صورتحال انتہائی ابتر ہے جس نے خوف و ہراس کی کیفیت پیدا کردی ہے اور شہری سخت ذہنی اور جسمانی اذیت کا شکار ہیں، صرف 2012ء میں ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں 2306 افراد ہلاک کردئیے گئے اور المیہ یہ ہے کہ ابھی تک کوئی ایک قاتل بھی گرفتار نہیں ہوا جب کہ بھتہ خوری کے نتیجے میں کاروباری طبقے کیلئے اپنا کاروبار جاری رکھنا مشکل ہوگیا ہے اور صنعتیں بیرون ملک منتقل ہو رہی ہیں، دوسری جانب انتخابی فہرستوں کی تصدیق کے عمل میں فوج کو شامل نہ کرکے یرغمالی قوتوں کو تقویت پہنچائی گئی ہے اور ایک مرتبہ پھر فہرستوں کی تیاری میں انہی غلطیوں کو دہرایا گیا ہے جن غلطیوں کی نشاندہی اپوزیشن جماعتوں نے کی تھی اور جس کا نوٹس لیتے ہوئے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے انتخابی فہرستوں کو دوبارہ درست کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ تمام تر جمہوری طریقے اختیار کرنے کے باوجود ہمارے احتجاج پر خاطر خواہ نوٹس نہیں لیا گیا جس پر اب ٹرین مارچ کا اعلان کیا گیا۔ ٹرین مارچ کراچی میں امن و امان کے قیام اور شفاف انتخابات کیلئے اہم پیش رفت ثابت ہوگا، اس مارچ کے اختتام پر ٹرین مارچ کے شرکاء قافلے کی صورت میں الیکشن کمیشن کے آفس جائیں گے جہاں متحدہ اپوزیشن جماعتوں کے رہنماء چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کریں گے اور انہیں شفاف فہرستوں کی تیاری کے حوالے سے یادداشت پیش کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 243499
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش