0
Wednesday 6 Mar 2013 18:57

دہشت گردی کیخلاف سنی اتحاد کونسل کا 8 مارچ کو لاہور میں دھرنے کا اعلان

دہشت گردی کیخلاف سنی اتحاد کونسل کا 8 مارچ کو لاہور میں دھرنے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ دہشت گردی، مزاراتِ اولیاء کی بے حرمتی اور اہلسنّت کی مساجد پر قبضوں کے خلاف 8 مارچ کو اچھرہ موڑ پر ہونے والا دھرنا حکمرانوں کی آنکھیں کھول دے گا، سنی اتحاد کونسل کے کارکنان تنظیم علمائے اہلسنّت کے اس دھرنے میں بھرپور شرکت کریں گے، لاہور میں میٹرو بس کے لیے پانچ مزاراتِ اولیاء کو گرانے پر خاموش نہیں رہ سکتے، کوئٹہ اور سندھ میں علماء و مشائخِ اہلسنّت کی ٹارگٹ کلنگ ناقابل برداشت ہے، سانحۂ عباس ٹاؤن میں بھی شہید ہونے والوں کی اکثریت کا تعلق اہلسنّت سے ہے، پاکستان بنانے والوں کی اولادیں دہشت گردی اور ناانصافی کا شکار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تنظیم علمائے اہلسنّت کے راہنماؤں علامہ مشتاق احمد نوری اور مفتی محمد کریم خان کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ عوام کا اعتماد ریاست اور ریاستی اداروں پر ختم ہوتا جا رہا ہے، مسلمانوں کے ہاتھوں مسلمانوں کو مروایا جا رہا ہے، مذہبی جماعتیں فرقہ وارانہ قتل و غارت کی حوصلہ شکنی کریں۔انہوں نے کہاکہ امریکہ نواز خارجہ پالیسی نے ملک کو دہشت گردی کی آماجگاہ بنا دیا ہے، پاکستان کو ہر روز نائن الیون کا سامنا ہے۔ دریں اثناء پاکستان سنی تحریک کے سربراہ انجینئر ثروت اعجاز قادری نے بھی سنی تحریک کے کارکنوں کو 8مارچ کے دھرنے میں شرکت کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ثروت اعجاز قادری نے مفتی محمد کریم خان کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اہلسنّت کی مساجد پر ناجائز قبضے برداشت نہیں کریں گے، ریاستی سطح پر کالعدم تنظیموں کی سرپرستی بند کی جائے۔

تنظیم علمائے اہلسنّت کے راہنماؤں علامہ مشتاق احمد نوری، مفتی محمد کریم خان، مولانا محمد رمضان حیدری، مولانا قاری اظہار احمد چشتی، مولانا قاری محمد حفیظ نقشبندی اور مولانا قاری محمد سہراب خان نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے 8مارچ کے پرامن دھرنے میں رکاوٹ ڈالی تو دما دم مست قلندر ہو گا۔ دھرنا مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا، دھر نے کی تیاریاں اور رابطے مکمل ہو گئے ہیں، 8مارچ کو اچھرہ موڑ سے شمع سٹاپ تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی جس کے اختتام پر دھرنا دیا جائے گا۔ جماعت اہلسنّت لاہور ڈویژن کے صدر پیر سیّد شمس الدین بخاری، نظامِ مصطفی پارٹی کے مرکزی راہنما رانا محمد عرفان اور مرکزی جمعیت علمائے پاکستان صوبہ پنجاب کے جنرل سیکرٹری مفتی محمد سعید رضوی نے بھی 8 مارچ کے دھرنے کی تائید اور شرکت کا اعلان کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 244790
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش