0
Tuesday 26 Mar 2013 14:05

شہباز شریف کی جانب سے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ کی مخالفت انتہائی افسوسناک ہے، شرجیل میمن

شہباز شریف کی جانب سے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ کی مخالفت انتہائی افسوسناک ہے، شرجیل میمن
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات شرجیل انعام میمن نے شہباز شریف کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی جانب سے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ کی مخالفت انتہائی افسوس کی بات ہے کیونکہ اس منصبوبہ کی حمایت پاکستان کے عوام نے بھرپور طریقے سے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک جس توانائی کے بحران سے دوچار ہے مذکورہ منصوبہ توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے امید کی کرن ہے۔ جبکہ اس منصوبے کی مخالفت وہ سیاسی جماعت اور سیاستدان کر رہے ہیں جن کا کام مخالفت برائے مخالفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کا رویہ اور مخالفت کرکے شہباز شریف، طالبان اور اُن غیر ملکی قوتوں کی ترجمانی کر رہے ہیں جو پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پرگامزن ہونے کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ  آمر جنرل ضیاء الحق کی سرپرستی میں پروان چڑھنے والے جمہوری اقدار کی حمایت نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کی پانچ سالہ کارکردگی پاکستانی عوام کے سامنے ہے اور آئندہ انتخابات میں عوام پیپلز پارٹی کو کامیاب کرکے اپنا فیصلہ سنادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصاً پنجاب کے عوام 11 مئی کو مسلم لیگ (ن) اور شریف برداران کو مسترد کرکے ثابت کردیں گے کہ آمرانہ سوچ رکھنے والوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام سستی روٹی، میٹروبس، لیپ ٹاپ اور آشیانہ ہاﺅسنگ اسکیم اور اجالا لیمپ اسکیم کی آڑ میں بدترین کرپشن سے بخوبی واقف ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے پورے صوبے کے فنڈز لاہور میں دکھاوے والے منصوبوں میں لگا کر لاہور اور صوبے کے دیگر حصوں کے درمیان اختلافات پیدا کر دیئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے صوبے کو 414 ارب روپے کے قرضوں میں دھکیل دیا ہے جبکہ انہوں نے اقتدار سنبھالا تو پنجاب 100 ارب روپے کا مقروض تھا۔ شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے 22 محکمے اپنے پاس رکھے جو کہ کابینہ کی اہمیت نہ سمجھنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پنجاب کے نام نہاد لیڈر کو یہ یاد دلانا چاہتا ہوں کہ 11 مئی کو ہونے والے انتخابات آمر جنرل ضیاء الحق کے دور میں ہونے والے ریفرنڈم نہیں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 248654
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش