0
Thursday 11 Apr 2013 20:56

الیکشن کے پرامن انعقاد کیلئے حکمت عملی تیار کر لی ہے، نجم سیٹھی

الیکشن کے پرامن انعقاد کیلئے حکمت عملی تیار کر لی ہے، نجم سیٹھی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ معاشی، سماجی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے امن بے حد ضروری ہے، معاشرے میں امن کے بغیر سرمایہ کاری فروغ پاتی ہے اور نہ ہی روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں، انتخابات کا شفاف اور پرامن ماحول میں انعقاد نگران حکومت کی پہلی ترجیح ہے یہی وجہ ہے کہ نگران حکومت نے امن و امان کی صورتحال کی بہتری کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے ہیں، صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی، قیام امن اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے جو کچھ انسانی بس میں ہے کیا جا رہا ہے، انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔

وہ آج ایوان وزیراعلیٰ میں امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر داخلہ طارق پرویز، سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، ایڈیشنل آئی جیز اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے باہمی مشاورت سے ٹھوس لائحہ عمل وضع کیا گیا ہے، سیاسی شخصیات، انتخابی ریلیوں اور جلسوں کی سکیورٹی کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ کے دوران پرامن اور سازگار ماحول یقینی بنایا جائے گا تاکہ ووٹرز بلاخوف و خطر اپنا حق رائے دہی آزادانہ طور پر استعمال کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ حساس پولنگ سٹیشنوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور ان پولنگ سٹیشنوں کی ویڈیو کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ سٹیشنوں پر تعینات کئے جانے والے پولیس اہلکاروں کی تربیت کا عمل بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے پولیس کو ہرممکن وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اپنے فرائض دیانتداری اور محنت سے سرانجام دے، جرائم کی روک تھام اور جرائم پیشہ افراد کی بیخ کنی کیلئے پولیس اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے۔

وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے ہدایت کی کہ سماج دشمن عناصر اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں مذہبی رواداری، تحمل، برداشت اور بھائی چارے کے جذبات کو فروغ دیا جائے، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے علماء کرام و مشائخ عظام کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، علماء اپنی تقاریر میں امن، بھائی چارے اور رواداری کا پرچار کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نگران حکومت امن و امان اور سکیورٹی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہے یہی وجہ ہے کہ صوبہ بھر میں امن و امان کی بہتری کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے وضع کئے گئے لائحہ عمل پر پوری طرح عملدرآمد کیا جائے۔ اجلاس کے دوران امن و امان کی صورتحال، انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے سکیورٹی پلان اور جرائم پر قابو پانے کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
خبر کا کوڈ : 253514
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش