0
Tuesday 16 Apr 2013 08:04

بوسٹن، میراتھن میں 2 دھماکے، 3 افراد ہلاک، 130 سے زائد زخمی، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

بوسٹن، میراتھن میں 2 دھماکے، 3 افراد ہلاک، 130 سے زائد زخمی، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ
اسلام ٹائمز۔ امریکہ کے شہر بوسٹن میں میراتھون کے دوران دو دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3ہوگئی جبکہ 130 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں 8 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔ بوسٹن دھماکوں کی تفتیش کی سربراہی ایف بی آئی اے کرے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید دھماکہ خیز ڈیوائسز نہیں ملیں جبکہ پولیس نے جے ایف کے لائبریری میں تیسرے دھماکے کی بھی تردید کر دی۔ بوسٹن میں سالانہ میراتھون جاری تھی جس میں 96 ممالک کے تقریباً 27 ہزار افراد شریک تھے۔ پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق ریس کے شرکاء فنش لائن کے قریب پہنچے تو سڑک کے کنارے زوردار دھماکہ ہوا۔ چند سیکنڈ بعد قریب ہی ایک اور دھماکہ ہوا، جس کے بعد افرا تفری پھیل گئی۔
 دھماکے انتہائی زور دار تھے جن سے عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور املاک کو نقصان پہنچا، دھماکوں کے فوری بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا، جن میں سے کچھ کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ واقعے کے بعد بوسٹن میں موبائل فون سروس بند کر دی گئی۔ سکیورٹی اہل کاروں نے متاثرہ علاقہ سیل کر دیا اور پروازوں پر بھی عارضی پابندی لگا دی گئی۔ صورت حال کی مانیٹرنگ کے لئے وائٹ ہاوس میں اسپیشل سیل بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ نیویارک اور واشنگٹن سمیت دیگر ریاستوں میں بھی سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی جبکہ وائٹ ہاوس کے ارد گرد کا علاقہ بند کر دیا گیا۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق امریکی ریاست میسا چوسٹس کے دارالحکومت بوسٹن میں وقفے وقفے سے دو دھماکے، تین افراد ہلاک اور 130 سے زائد زخمی ہو گئے۔ امریکی ٹی وی کے مطابق پہلا دھماکہ بوسٹن میراتھن کی اختتامی لائن کے قریب ہوٹل میں ہوا، جس کے چند سیکنڈ کے بعد دوسرا دھماکہ ہوگیا۔ انٹیلی جنس حکام کے مطابق اختتامی لائن کے قریب سے مزید دھماکہ خیز مواد بھی ملا جسے ناکارہ بنا دیا گیا۔ دھماکے کے بعد زخمیوں کو بوسٹن کے جنرل اسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔ ادھر بوسٹن کے متاثرہ علاقے میں پروازوں پر عارضی پابندی عائد کر دی گئی جبکہ ریموٹ کنٹرول دھماکوں سے بچنے کے لئے موبائل فون سروس بھی بند کر دی گئی۔ دوسری جانب امریکی نیول حکام نے اپنے بم ڈسپوزل یونٹ کو بوسٹن بھیج دیا ہے۔ دھماکوں کے بعد دارالحکومت واشنگٹن اور نیویارک سمیت متعدد شہروں میں سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 254539
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش