0
Sunday 21 Apr 2013 19:32

کراچی،جامعہ اردو میں یوم مصطفی (ص) پر پابندی، آئی ایس او کے 51 سے زائد کارکنان گرفتار

کراچی،جامعہ اردو میں یوم مصطفی (ص) پر پابندی، آئی ایس او کے 51 سے زائد کارکنان گرفتار
اسلام ٹائمز۔ وفاقی اردو یونیورسٹی کے گلشن اقبال کیمپس میں متعصب انتظامیہ و یونیورسٹی رجسٹرار فہیم الدین نے سالانہ یوم مصطفیٰ (ص) کے انعقاد پر پابندی عائد کر دی ہے اور یونیورسٹی انتظامیہ کی ایماء پر رینجرز نے طلباء تنظیم آئی ایس او کے 51 سے زائد کارکنان کو حراست میں لے لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی جامعہ اردو گلشن اقبال کیمپس میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن جامعہ اردو یونٹ کے زیرانتظام ہر سال کی طرح امسال بھی سالانہ یوم مصطفیٰ (ص) 22 اپریل پیر کے روز منعقد کیا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں آج جامعہ اردو گلشن اقبال کیمپس میں طلباء یوم مصطفی (ص) کی تیاریوں میں مصروف تھے کہ رینجرز اہلکاروں نے آئی ایس او جامعہ اردو یونٹ کے 51 سے زائد طلباء کو حراست میں لے لیا۔

رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ انہیں یونیورسٹی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ہم جامعہ میں یوم مصطفی (ص) کی اجازت نہیں دے سکتے لہٰذا آپ فی الفور آئی ایس او کے کارکنان کو گرفتار کریں۔ اطلاعات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کراچی کے رہنماء علامہ دیدار علی جلبانی بھی موقع پر موجود ہیں جو یونیورسٹی انتظامیہ سے بات چیت کے ذریعے معاملہ کا پرامن حل نکالنے کیلئے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں مگر بار بار رابطہ کے باوجود یونیورسٹی انتظامیہ فون کالز ریسیو نہیں کر رہی ہے۔ 

آئی ایس او جامعہ اردو کے ترجمان نے اسلام ٹائمز کو بتایا کہ یوم حسین (ع) کی طرح ہر سال جامعہ اردو میں سالانہ یوم مصطفی (ص) جیسی بابرکت اور اتحاد بین المسلمین کی علمبردار محفل کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے علماء کرام و دانشور حضرات ختمی مرتبت حضرت محمد مصطفی (ص) کی سیرت مبارکہ جو ہمارے لئے اسوہ حسنہ قرار دی گئی ہے کو بیان کرنے کے ساتھ ساتھ اتحاد بین المسلمین کا پیغام عام کرتے ہیں، مگر اس سال اچانک اردو یونیورسٹی کی متعصب انتظامیہ و رجسٹرار نے یوم مصطفی (ص) کی اجازت نہ دیتے ہوئے 51 سے زائد آئی ایس او سے تعلق رکھنے والے معصوم طلباء کو بلاجواز گرفتار کروا دیا ہے۔ جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ اردو کی متعصب انتظامیہ یوم مصطفی (ص) جیسی بابرکت محفل پر تو پابندی لگاتی ہے اور اسے جرم قرار دے رہی ہے مگر اسی متعصب انتظامیہ و رجسٹرار کی جانب سے چند روز قبل اسی علمی مرکز میں معصوم طلباء کی فکروں اور ذہنوں کو آلودہ کرنے کیلئے ایک انتہائی غیر اسلامی و غیر اخلاقی پروگرام کرنے کی اجازت دے دی گئی۔
 
آئی ایس او جامعہ اردو کے ترجمان نے یونیورسٹی کی متعصب انتظامیہ و رجسٹرار کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی متعصبانہ روش سے باز آجائیں ورنہ اس کے خلاف احتجاج کا دائرہ پورے شہر میں پھیلا دیا جائے گا۔ انہوں نے وفاقی نگران حکومت سے بھی معاملہ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر حال میں کل بروز پیر جامعہ میں یوم مصطفی (ص) کا انعقاد کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ یوم مصطفی (ص) کی تقریبات کا انعقاد ہر سال ملک بھر کی جامعات و دیگر تعلیمی اداروں میں کیا جاتا ہے۔ کل بروز پیر 22 اپریل کو جامعہ اردو گلشن اقبال کیمپس میں منعقد ہونے والے یوم مصطفی (ص) میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری علامہ امین شہیدی اور صدر ملی یکجہتی کونسل صوبہ سندھ و نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ اسد اللہ بھٹو خطاب کرینگے۔
خبر کا کوڈ : 256488
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش