0
Monday 22 Apr 2013 20:56

امریکہ اور دہشتگردوں کیخلاف آواز اٹھاتا رہوں گا، صاحبزادہ حامد رضا

امریکہ اور دہشتگردوں کیخلاف آواز اٹھاتا رہوں گا، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ قوم انتخاب کو احتساب اور انقلاب کا ذریعہ بنائے، میں اپنے باپ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے امریکہ اور دہشت گردوں کے خلاف آواز اٹھاتا رہوں گا، 62، 63 کو نمائشی دفعات بنا دیا گیا ہے، 11مئی کو سیاسی فرعون عرش سے فرش پر آجائیں گے اور الیکشن کے روز مظلوم ظالموں سے ٹکرائیں گے، عوام انقلابِ نظامِ مصطفٰی لانے کے لیے گھوڑے کے نشان پر مہر لگائیں، سنی اتحاد کونسل بے زبان عوام کی آواز بنے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی الیکشن سیل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ کئی عشروں کی لوٹ کھسوٹ اور بدانتظامی نے ملک کو معاشی بدحالی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، عوام 65 برس سے ایک ہی سوراخ سے مسلسل ڈسے جا رہے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ مظلوم اور محروم جاگ جائیں اور اپنے دشمنوں کو اپنے کندھوں پر اٹھا کر ایوانوں میں پہنچانے کی روش چھوڑ دیں۔ 

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ریاستی نظام بار بار محدود اشرافیہ کو اقتدار میں لاتا ہے، ہمارا سیاسی نظام مراعات یافتہ طبقے کے مفادات کا محافظ بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکثریت کو محرومیت کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آتا، نگران حکومت امن و امان پر خصوصی توجہ دے کیونکہ تخریب کاری کا کوئی بڑا واقعہ انتخابی اور جمہوری عمل کو متاثر کرسکتا ہے۔ اجلاس میں پیر سیّد محمد اقبال شاہ، بیرسٹر وسیم الحسن نقوی، طارق محبوب، محمد نواز کھرل، الحاج سرفراز تارڑ، مفتی محمد سعید رضوی، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، پیر محمد اطہر القادری، شیخ محمد ذوالفقار رضوی، رانا محمد عرفان، مفتی محمد حسیب قادری، ملک بخش الٰہی، میاں فہیم اختر، پیر طارق ولی چشتی، معین الحق علوی اور دیگر نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 256843
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش