0
Tuesday 23 Apr 2013 20:11

نبی کریم (ص) کی حیات طیبہ عالم بشریت کے لئے نمونہ عمل ہے، علامہ امین شہیدی

نبی کریم (ص) کی حیات طیبہ عالم بشریت کے لئے نمونہ عمل ہے، علامہ امین شہیدی
اسلام ٹائمز۔ رسول اکرم (ص) کی سیرت مبارکہ نہ فقط مسلمانوں بلکہ غیر مسلموں کے لئے بھی راہ نجات ہے، امّت محمدی (ص) کی ذمہ داری ہے کہ نبی کریم کی سنّت پر مخلصانہ طور پر عمل کریں اور خدا اور بندوں کے درمیان تعلق کو مزید طاقت بخشیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی ڈویژن جامعہ اردو یونٹ کے زیر اہتمام سالانہ یوم مصطفی (ص) کے سالانہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آج پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے مرکزی محرک علامہ مرزا یوسف حسین سمیت ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ دیدار علی جلبانی اور ذاکرہ اہلبیت (ع) خانم ثروت عسکری نے بھی خطاب کیا۔

علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ انبیاء کی بعثت کا مقصد یہ ہے کہ وہ انسان کے اندر پائی جانے والی خوش صفات کو معاشرے کے سامنے اجاگر کریں اور انسان کو معاشرے میں ایک عالی مرتبے پر فائز کریں، علم انسان کی روح کا حصہ ہے جو کہ انسان کو عالم غیب سے جوڑ دیتا ہے، اگر حصول علم کے بعد انسان کے شعور و آگاہی میں اضافہ نظر نہ آئے تو وہ علم بےسود و بیکار ہے۔ علم یعنی معرفت، علم یعنی انسان کا خدا سے قرب، علم یعنی خیر و شر میں تمیز، جو تعلیم و تربیت انسان کو انسان بنانے میں معاون و مددگار نہ ہو وہ علم بیکار ہے، ورنہ انسان نما تو یزید بھی تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں میں معلم کے احکامات لاگو ہوتے ہیں اور انسانیت کی معلم نبی کریم (ص) کی ذات بابرکت ہے لیکن جامعہ اردو میں ان ہی کے نام پر منعقدہ پروگرام پر پابندی قابل مذمت ہے۔ یہ مقدس نام لوگو ں کو آپس میں جوڑنے کے لئے ہے نہ کہ توڑنے کے لئے، تعلیمی اداروں کے منتظمین کی ذمہ داری ہے کہ جامعات میں موجود طلباء میں روح محمدی (ص) کو پیدا کرنے لئے تمام اسباب مہیا کریں۔ نبی کریم (ص) کی ذات اقدس کسی خاص مسلک و مذہب کی ملکیت نہیں بلکہ آپ (ص) سردار انسانیت ہیں، اگر یہ کام منتظمین جامعات نہ کریں تو طلبہ کی ذمہ داری بن جاتی ہے کہ تعلیمات محمدی (ص) کا احیاء کریں پھر ان طلباء کی راہ میں روڑے اٹکانا یونیورسٹی انتظامیہ کے لئے شرمناک عمل ہے۔
خبر کا کوڈ : 257229
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش