0
Saturday 4 May 2013 08:29

سکیورٹی کے فول پروف اقدامات کئے جائیں، دہشتگردوں کو ملک غیر مستحکم کرنیکی اجازت نہیں دینگے، صدر زرداری

سکیورٹی کے فول پروف اقدامات کئے جائیں، دہشتگردوں کو ملک غیر مستحکم کرنیکی اجازت نہیں دینگے، صدر زرداری
اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو ملک غیر مستحکم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، انتخابات کو پرامن اور محفوظ بنانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ الطاف حسین کہتے ہیں کہ لبرل جماعتوں کو دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے دیوار سے لگانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ صدر مملکت اور ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں ملک میں امن و امان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایم کیو ایم کے قائد نے صدر زرداری کو متحدہ کے دفاتر پر بم حملے، کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ اور اے این پی کے امیدوار صادق زمان خٹک کی شہادت کے واقعات سے آگاہ کیا۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ لبرل جماعتوں کو دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے دیوار سے لگانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ صدر آصف زرداری نے دہشت گردی کے واقعات میں ایم کیو ایم اور اے این پی کے رہنماؤں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔ 
 
ادھر صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ جو عناصر انتخابات کو ملتوی کرانیکی سازشیں کر رہے ہیں، ان کی سازشوں کو بھرپور طریقے سے ناکام بنا دیا جائیگا۔ صدر نے نگراں حکومتوں سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں پر انتخابی مہم کے دوران امیدواروں کے تحفظ اور پر امن انتخابات کے انعقاد کیلئے سکیورٹی کے فول پروف اقدامات کئے جائیں، کراچی میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے نگراں حکومت متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر جامع سکیورٹی پلان تشکیل دے اور دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے۔ وہ بلاول ہاوس میں نگران وزیراعلٰی سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے، اس ملاقات میں چیف سیکرٹری، آئی جی سندھ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ صدر نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران دہشتگردی کی کارروائیاں جمہوری عمل کو متاثر کرنیکی کوشش ہے، تاہم حکومت ایسی تمام کوششوں کو ناکام بنادیگی۔ صدر نے ہدایت کی کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے والے عناصر کیخلاف انتہائی سخت ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام انتخابی امیدواروں کو مناسب سکیورٹی فراہم کی جائے اور سندھ بھر میں پرامن الیکشن کے انعقاد کیلئے جامع سکیورٹی پلان کے تحت اقدامات کئے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 260490
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش