0
Tuesday 21 May 2013 15:02

عدالتی کمیشن بنا کر زہرا شاہد حسین کے قتل کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائے، تحریک انصاف

عدالتی کمیشن بنا کر زہرا شاہد حسین کے قتل کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائے، تحریک انصاف
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف سندھ خواتین ونگ کی سنیئر نائب صدر زہرا شاہد حسین کا سوئم گزشتہ روز بعد نماز ظہر خواتین کے لئے ان کی رہائش گاہ ڈیفنس فیز 4 جبکہ مردوں کے لئے سلطان مسجد میں منعقد ہوا۔ سلطان مسجد میں سوئم میں تحریک انصاف کے مرکزی رہنماﺅں عمران اسماعیل، ڈاکٹر عارف علوی، پی ٹی آئی سندھ کے صدر نادر اکمل لغاری، جمال صدیقی، سبحان علی ساحل، سید حفیظ الدین کے علاوہ دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماﺅں، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کے علاوہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما عمران اسماعیل، سندھ کے صدر نادر اکمل لغاری، سید حفیظ الدین اور دیگر نے کہا کہ زہرہ شاہد کا قتل تحریک انصاف کا نہیں بلکہ کراچی کی عوام کا قتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا قتل کراچی کے عوام کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ زہرا شاہد حسین کی پی ٹی آئی کے لئے بڑی خدمات تھیں اور وہ پارٹی کی بانی رہنماﺅں میں سے تھیں۔
 
رہنماﺅں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ زہرا شاہد حسین کے قتل کی غیر جانبدرانہ عدالتی تحقیقات ہونی چائیے اور ایک عدالتی کمیشن بنا کر ان کے قتل کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں قیام امن کے لئے تحریک انصاف کی جدوجہد جاری رہے گی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 250 اور سندھ اسمبلی کے حلقوں پی ایس 112 اور پی ایس 113 میں عوام نے انتخابات میں بلے پر مہر لگا کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ اب کراچی کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اب اس شہر میں عوامی مینڈیٹ رکھنے والی بڑی جماعت ہے اور اس مینڈیٹ کے خلاف کسی بھی سازش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ اس موقع پر تمام رہنماﺅں نے زہرا شاہد حسین کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
 
مرحومہ زہرا شاہد حسین کی رہائش گاہ پر سوئم کی تقریب میں بھی پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت کے علاوہ خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے بھی خصوصی طور شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین پر اس طرح کے وحشیانہ اور بے رحمانہ حملے اور انہیں قتل کر دینے کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زہرا شاہد حسین تحریک انصاف کی ایک رہنماء ہی نہیں بلکہ وہ ایک سماجی کارکن بھی تھیں اور انہوں نے تعلیم کے نفاذ اور کرپشن کے خاتمے کے لئے جدوجہد کا آغاز کر رکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے قاتلوں کی گرفتاری اور انہیں قرار واقعی سزا نہ دیئے جانے تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں علیمہ خان نے کہا کہ زہرا شاہد حسین کے قتل کی ایف آئی آر مرکزی قیادت کے فیصلے کے بعد درج کرائی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 266042
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش