0
Thursday 23 May 2013 10:03

شہداء کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے، طاہر کھوکھر

شہداء کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے، طاہر کھوکھر
اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم آزاد کشمیر کے پارلیمانی لیڈر و وزیر ٹرانسپورٹ محمد طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ شہداء کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔ بھارت رسوا ہو کر کشمیر سے نکلے گا اور کشمیر کا فیصلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے آفس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حق خودارادیت کے حصول کی تحریک کو کامیابی سےکوئی نہیں روک سکتا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی آٹھ لاکھ فوج، کالے قوانین اور جابرانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیری عوام کو زیادہ عرصہ تک اپنے حقوق سے محروم نہیں رکھ سکتے۔ آج لاکھوں شہداء کی بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے کہ مسئلہ کشمیر دنیا بھر میں فلیش پوائنٹ بن چکا ہے۔ حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے ہفتہ شہداء کشمیر منانے کا فیصلہ تحریک آزادی کشمیر سے ہماری کمٹمنٹ کا ثبوت ہے۔ شہداء کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔ 

طاہر کھوکھر نے کہا کہ اب تک سات لاکھ کشمیری آزادی کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ اقوام عالم کی تاریخ میں اس سے بڑی قربانی کی مثال نہیں ملتی۔ آج اگرچہ مسئلہ کشمیر اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت پر پوری پاکستانی اور کشمیری قوم اور قیادت باہم متحد ہے لیکن پھر بھی تمام سیاسی جماعتوں اور قیادت کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر دوٹوک انداز میں دنیا کو بتانا چاہیے کہ عالمی برادری دوہرا معیار ترک کر کے فوری اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کروائے۔
خبر کا کوڈ : 266653
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش