1
0
Saturday 25 May 2013 19:32

متحدہ قومی موومنٹ سیاسی جماعت نہیں بلکہ دہشتگرد مافیا ہے، طارق نظامی

متحدہ قومی موومنٹ سیاسی جماعت نہیں بلکہ دہشتگرد مافیا ہے، طارق نظامی
اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے رہنماء طارق نظامی نے کہا کہ متحدہ میں تبدیلیوں کا جمعہ بازار مہاجر عوام کو دھوکہ دینے کیلئے لگایا جا رہا ہے۔ الطاف حسین اگر بدعنوانی، بھتہ خوری اور چائنا کٹنگ کے اتنے ہی خلاف ہیں تو پھر بیس برسوں میں اسے روکا کیوں نہیں گیا، اسکے علاوہ الطاف حسین جس پیسے کے بل بوتے پر لندن میں رہائش اختیار کئے ہوئے ہیں وہ کہاں سے آیا۔ درحقیقت الطاف خود تمام برائیوں کی جڑ اور مہاجر نوجوانوں کی تباہی کے ذمہ دار ہیں۔ پارٹی چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پر لیاقت آباد سے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے طارق نظامی نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ سیاسی جماعت نہیں بلکہ دہشت گرد مافیا ہے جس نے اپنے قیام سے لے کر اب تک عوام کا خون چوسنے اور مہاجر قوم کو تباہ کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ پہلے منزل کی تلاش میں نکلے مہاجر نوجوانوں کو شخصیت پرستی کی راہ پر لگا کر تباہ و برباد کیا گیا اور جب کام نکل گیا تو پھر انہی نوجوانوں کی بے گور و کفن لاشیں کچرے کے ڈھیروں پر پائیں گئیں۔

طارق نظامی نے کہا کہ الطاف کا فلسفہ ”مارو اور حکومت کرو“ ہے، اسی سلسلے کو جاری رکھنے کیلئے تبدیلیوں کے نام پر دہشت گردوں کی نئی ٹیم اتاری جا رہی ہے اور ایسے لوگوں کو سامنے لایا جا رہا ہے کہ جن کا ماضی و حال داغدار اور مہاجر قوم کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ بیس برسوں میں اپنے گھروں کو تباہ کرنے اور دوسروں کے گھر اجاڑنے والے نوجوانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے کہ جب زندگیاں داﺅ پر لگانے کی بات آئے تو انہیں بیوقوف بنایا جاتا ہے لیکن جب اختیارات کی بندر بانٹ ہوتی ہے تو پھر ایسے لوگوں کو چنا جاتا ہے کہ جن کے خمیر میں قوم سے غداری شامل ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہاجر نوجوانوں اور عمائدین کو سوچنا چاہیئے کہ جس شخصیت کی وہ پرستش کرتے رہے وہ انہیں کس بند گلی میں لے آئی ہے اور اگر انہیں اس کا جواب مل جائے تو پھر واپسی میں دیر کرنا عقلمندی نہیں ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 267428
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

یہ تو سب کو معلوم ہے بھائی
ہماری پیشکش