0
Wednesday 22 May 2013 18:46

الطاف کے اشارے پر کٹھ پتلی بننے والے مہاجر نوجوان غور کریں کہ کیا کھویا کیا پایا، آفاق احمد

الطاف کے اشارے پر کٹھ پتلی بننے والے مہاجر نوجوان غور کریں کہ کیا کھویا کیا پایا، آفاق احمد
اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد اورنگی ٹاﺅن سیکٹر کمیٹی کے رکن اور صوبائی اسمبلی کے نامزد امیدوار شکیل احمد مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیلئے انکے گھر گئے اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر جمع ہونے والے کارکنان و عوام سے گفتگو کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ مہاجروں کو تباہ کرنے اور اپنے پرچم سے لفظ مہاجر کھرچنے والی متحدہ قومی موومنٹ شہر پر اپنا قبضہ مضبوط بنانے اور شہر میں بسنے والی اکثریت کے جذبات سے کھیل کر اپنے مذموم مقاصد پورے کرنے کیلئے ایک بار پھر مہاجر نام استعمال کرنے کے منصوبے بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مفاد پرست دہشت گردوں کو یاد رکھنا چاہئے کہ مہاجر قوم ان جواں لاشوں کو بھولی نہیں ہے جنہیں صرف مہاجر نام لینے کی پاداش میں موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ آفاق احمد نے کہا کہ کراچی پر قابض دہشت گرد ہتھیاروں کے استعمال کو ہی ہر مسئلے کا حل سمجھتے ہیں انہیں سمجھ لینا چاہئے کہ وقت بدل رہا ہے، مار دھاڑ اور بوری بند لاشوں کا دور ختم ہو گیا ہے اور اب گولی کی زبان سے بات کرنے والوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاجر قوم شو کیس میں سجی بے جان چیز نہیں کہ جب چاہا استعمال کیا اور جب جی بھر گیا پھینک دیا۔
 
آفاق احمد نے مزید کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ نے قوم سے غداری کرکے اپنے لئے جو راستہ پسند کیا وہ تباہی و بربادی کی طرف جاتا تھا جس کا خمیازہ بھگتنے کیلئے ان دہشت گردوں کو تیار رہنا چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں آفاق احمد نے کہا کہ گذشتہ دو عشروں کے دوران ہزاروں مہاجروں کو انکے اپنے ہی خون میں نہلانے کے بعد الطاف حسین کی جانب سے مہاجر سیاست کی طرف واپسی کی خواہش دیوانے کا خواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف اگر ایسی کوئی خواہش رکھتے ہیں تو انہیں سب سے پہلے ان ہزاروں بے گناہوں کے خون کا حساب دینا پڑے گا جو انکی سفاکیت کی بھینٹ چڑھا دیئے گئے اور درسگاہوں کی زینت بننے والے نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہتھیار تھما کر انہیں جرم و گناہ کی دلدل میں دھکیل دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میں اور میرے ساتھی مہاجر نام کی حرمت برقرار رکھنے مسلسل مصروف ِ عمل ہیں اور گالی و گولی کی زبان میں بات کرنے والوں کو راہ راست پر لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ جیسی مفاد پرست دہشت گرد تنظیم کی کٹھ پتلی بننے والے مہاجر نوجوانوں اور میری قوم کے بزرگوں کو غور کرنا چاہئے کہ گذشتہ بیس برسوں میں انہوں نے کیا کھویا کیا پایا۔ اپنوں کے خون سے دوسروں کی خواہشات کی تکمیل کرنے کا نتیجہ ہے کہ آج ہر دوسرے گھر میں بیوگی کی چادر اوڑھے میری قوم کی بیٹیاں اور یتیمی کا کرب سہتے معصوم بچے موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ قوم کے دشمنوں سے کسی حال میں سمجھوتہ نہیں کرے گی بلکہ مہاجر نوجوانوں کی مدد اور بزرگوں کی رہنمائی میں آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دیا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 266518
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش