0
Sunday 26 May 2013 17:35

ڈرون حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، صاحبزادہ حامد رضا

ڈرون حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف سمیت تمام حکام اپنے اثاثے پاکستان منتقل کریں اور اپنی مثال قائم کر کے اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیں، میاں نواز شریف وفاقی شریعت کورٹ کے سود مخالف فیصلے کے خلاف رٹ واپس لینے کا اعلان کریں تاکہ ملکی معیشت کو سود سے پاک کیا جا سکے کیونکہ سودی نظامِ معیشت کی وجہ سے ملک میں بے برکتی پھیلی ہوئی ہے،اب منتخب حکمرانوں کا احتساب پانچ سال بعد نہیں ہر روز ہوا کرے گا، سبزی مہنگی ہونے پر جاگ جانے والا سوموٹو دھاندلی پر کیوں خاموش ہے، سیاسی اثر و رسوخ کے ذریعے معاف کروائے گئے اربوں روپے کے قرضے واپس لے کر لوڈشیڈنگ ختم کی جا سکتی ہے۔

ڈرون حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں،نئی حکومت ڈرون حملوں کا معاملہ عالمی عدالتِ انصاف میں لے جائے،امریکہ مسلسل پاکستان کی خودمختاری کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ عسکری ونگز قائم کرنے والی سیاسی و مذہبی جماعتوں پر پابندی کا قانون بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضیاء الحق کے ’’دعا یافتہ‘‘ پھر اقتدار میں آ گئے ہیں، قوم شخصیت پرستی چھوڑ کر نظریات پرستی اختیار کرے، سرمایہ کاری کا ماحول پیدا کرنے کے لیے ملک میں امن ضروری ہے۔

چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ نئے حکمران حکومتی سطح پر کفایت شعاری اور سادگی کا کلچر اپنائیں تاکہ قومی خزانے کو حکام کی عیاشیوں کی بجائے عوامی فلاح پر خرچ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایٹم بم بنا لیا ہے لیکن بجلی نہیں بنا سکا، نگران حکومت بے لگام لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے ہنگامی اقدامات کرے کیونکہ اذیت ناک لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے دھاندلی کے خلاف شکایات کا ازالہ نہ کیا تو 77ء جیسے حالات پیدا ہو سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 267659
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش