0
Wednesday 5 Jun 2013 05:51

امام خمینی کی تعلیمات مسلمانوں کو فرقہ واریت سے بچا سکتی ہیں، مقررین کا سیمینار سے خطاب

امام خمینی کی تعلیمات مسلمانوں کو فرقہ واریت سے بچا سکتی ہیں، مقررین کا سیمینار سے خطاب

اسلام ٹائمز۔ مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے دانشور اور علماءکرام نے بانی انقلاب اسلامی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کو امام خمینی رضوان اللہ علیہ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر فرقہ واریت سے بچایا جا سکتا اور اتحاد امت کو عملی طور پرفروغ دیا جاسکتا ہے۔ لاہور میں امام خمینی رضوان اللہ علیہ کی 24 ویں برسی کی مناسبت سے خانہ فرہنگ ایران لاہور کے زیراہتمام سیمینار بعنوان "وحدت و بیداری اسلامی امام خمینی کی نظر میں" سے خطاب کرتے ہوئے علمی، سیاسی اور مذہبی شخصیات نے کہا کہ اتحاد امت میں ہی مسلمانوں کی ترقی کا راز مضمر ہے۔ جس کے لئے امام خمینی کوشاں رہے۔ جامعہ منہاج الحسین کے پرنسپل علامہ محمد حسین اکبر نے کہا کہ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی داعی اتحاد بین المسلمین کی تعلیمات پر عمل کرنے سے فرقہ واریت سے بچا جاسکتا اور وحدت و اتحاد کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی کے نزدیک مسلمانوں کے درمیان فرقہ واریت پھیلانے والا شیعہ ہے نہ سنی بلکہ وہ استعمار کا ایجنٹ ہے۔

جنرل سیکرٹری جمعیت علماء پاکستان قاری زوار بہادر نے امام خمینی کی سیاسی جدوجہد اور علمی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ امت کو متحد کرکے دنیا کی استعماری قوتوں کے خلاف اکٹھا کرنا چاہتے تھے۔ ان کے مشن کو رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای نے جاری رکھا ہوا ہے۔ مسلم رہنماوں کو ان سے تعاون کرنا چاہیے۔ ممتاز صحافی صدائے جمہور کے ایڈیٹر فرخ سہیل گوئندی نے کہا کہ نعرہ تکبیر پر امام خمینی نے عالمی استکبار کو شکست دی۔ وہ محض باتیں کرنے والے نہیں بلکہ عمل کرنے والے رہبر بھی تھے۔ سیمینار سے جامعہ نعیمیہ لاہور کے پرنسپل علامہ راغب حسین نعیمی، تحریک منہاج القرآن کے رہنما فرحت حسین شاہ، جماعت اسلامی کے رہنما محمد حفیظ، سابق وزیر مملکت تعلیم اسلامک ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین سید منیر حسین گیلانی، سینئر کالم نگار دانشور ڈاکٹر اجمل نیازی اور دیگر نے بھی خطاب میں امام خمینی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

خبر کا کوڈ : 270689
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش