0
Tuesday 1 Jun 2010 06:56

لاہور،جناح اسپتال پر دہشتگردوں کا حملہ،5 افراد جاں بحق

لاہور،جناح اسپتال پر دہشتگردوں کا حملہ،5 افراد جاں بحق
 لاہور:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق لاہور میں جناح اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں منگل کی شب پولیس کی وردی میں ملبوس چار دہشت گردوں نے داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔جس کے نتیجے میں چار پولیس اہلکاروں سمیت 5 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے، دہشتگرد اسپتال کی چھت پر چھڑ گئے اور اس دوران پولیس اور دہشتگردوں میں فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔بعدازاں دہشتگرد پولیس موبائل لیکر فرار ہو گئے،جس کے بعد ہنجروال کے علاقے میں پولیس کا دہشت گردوں سے مقابلہ ہوا۔
ماڈل ٹاؤن پر حملے کا زخمی ملزم اسپتال میں زیر علاج تھا اور حملہ آوروں کا مقصد زخمی ساتھی کو لیکر فرار ہونا تھا،تاہم حملہ آور زخمی ملزم کو لیجانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔آئی جی پنجاب کے مطابق جناح اسپتال کو کلیئر کر دیا گیا ہے،جبکہ دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق اسپتال میں ٍقادیانیوں کی عبادتگاہوں پر ہونے والے حملے کے 30 زخمی افراد زیر علاج تھے، حملہ ہوتے ہی وارڈ کے اندرونی دروازوں کو بند کر دیا گیا اور لائٹس بھی بند کر دی گئیں۔پولیس ذرائع کے مطابق ایک حملہ آور کی ٹانگ میں گولی لگی جس سے وہ زخمی ہو گیا۔
ادھر وزیر داخلہ رحمن ملک نے وفاقی حکومت کی جانب سے پنجاب پولیس کو ہر طرح کی مدد فراہم کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے علم نہیں تھا کہ جناح اسپتال میں حملہ آور زیر علاج ہے۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حملہ آوروں کو فرار نہیں ہونے دیا جائیگا۔علاوہ ازیں صدر،وزیراعظم،وزیراعلی پنجاب اور متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لاہور کے جناح اسپتال میں مسلح دہشتگردوں کی فائرنگ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور دہشت گردی کے اس واقعے میں اسپتال میں زیر علاج مریضوں،ان کے تیمارداروں،پولیس اہلکار اور سیکورٹی گارڈ سمیت متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں قائد تحریک الطاف حسین نے کہا کہ اسپتال میں زیرعلاج مریضوں اور ان کے اہلخانہ کو دہشتگردی کا نشانہ بنانے والے سفاک دہشت گرد انسانیت کے کھلے دشمن ہیں،حکومت وانتظامیہ کا بنیادی فرض ہے کہ واقعے کا سخت نوٹس لیکر ملزمان کیخلاف سخت کارروائی کریں۔
الطاف حسین نے صدر آصف علی زرداری ، وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی اور حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ جناح اسپتال میں دہشت گردی کے ذمہ دار عناصر اور ان کے سرپرستوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ٹھوس اور مثبت اقدامات کیے جائیں۔الطاف حسین نے دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔
آج نیوز کے مطابق لاہور میں دہشت گردوں نے جناح ہسپتال پر حملہ کر کے تین پولیس اہلکاروں اور ایک خاتون کو شہید کر دیا،حملہ آور ہسپتال میں زیر علاج ساتھی کو فرار کرانے میں ناکام رہے۔پولیس وردیوں میں ملبوس چار نقاب پوش دہشت گرد ایمرجنسی کی پچھلی طرف سے ہسپتال میں داخل ہوئے اور فرسٹ فلور پر آئی سی یو میں گئے،جہاں ماڈل ٹاؤن سے گرفتار ہونے والا دہشت گرد معاذ زیر علاج ہے۔دہشت گردوں نے آئی سی یو کے باہر تعینات پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔جس کے نتیجے میں اے ایس آئی اشتیاق سندھو سمیت تین پولیس اہلکار موقع پر جاں بحق جبکہ تین زخمی ہو گئے۔
فائرنگ پر آئی سی یو کے اندر پیرا میڈیکل اسٹاف نے دروازے بند کر دیئے،جس کے باعث دہشت گرد اندر نہیں گھس سکے،تاہم فائرنگ سے عملے کے تین افراد زخمی ہو گئے۔اس کے بعد حملہ آوروں نے ایمرجنسی کا رخ کیا،جہاں فائرنگ سے ایک خاتون جاں بحق اور چھ افراد زخمی ہو گئے،جن میں چھ ماہ کی ایک بچی بھی شامل ہے۔ فائرنگ کا سلسلہ چند منٹ جاری رہا،جس کے بعد دہشت گرد فرار ہو گئے اور ہنجروال میں دوبارہ ان کا پولیس سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا،لیکن یہاں سے بھی وہ بچ نکلے۔
واقعے کے بعد وزیر اعلٰی شہباز شریف نے ہسپتال کا دورہ کیا اور ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔اس سے پہلے آئی جی پنجاب نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو ملک پر مسلط نہیں ہونے دیا جائے گا،پولیس پہلے بھی قربانیاں دیتی رہی ہے اور آئندہ بھی شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔آئی جی کا کہنا تھا کہ واقعہ ناقص سکیورٹی کا نتیجہ نہیں،مناسب انتظامات کئے گئے تھے،اسی لئے دہشت گرد اپنے ساتھی کو فرار کرانے میں ناکام رہے۔ 



خبر کا کوڈ : 27255
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش