0
Tuesday 11 Jun 2013 15:45

کراچی میں 25 سالوں سے دہشتگردی کرنے والے ہی لیاری کا امن خراب کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی

کراچی میں 25 سالوں سے دہشتگردی کرنے والے ہی لیاری کا امن خراب کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ساﺅتھ کے صدر قاسم بلوچ اور جنرل سیکریٹری و رکن سندھ اسمبلی جاوید ناگوری نے کہا ہے کہ لیاری کا امن وہ لوگ خراب کر رہے ہیں جو گزشتہ 25 سالوں سے کراچی میں دہشت گردی، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور بوری بند لاشوں کی سیاست کر رہے ہیں۔ لیاری پرامن اور محبت کرنے والا علاقہ ہے جسے سازش کے تحت برباد کیا جا رہا ہے اور پی پی کو ووٹ دینے کی سزا دی جا رہی ہے۔ لیاری میں بلوچ اور کچھی صدیوں سے بھائیوں کی طرح رہ رہے ہیں۔ ایک سازش کے تحت انہیں لڑانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ گزشتہ تین روز میں لیاری میں قتل ہونے والے بے گناہ شہریوں کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے اور وزیراعلیٰ سندھ شہداء کے لواحقین کو فوری معاوضہ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین روز کے دوران لیاری میں 15 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ قتل ہونے والے یہ تمام افراد محب وطن، پرامن اور غریب لوگ ہیں جو یومیہ بنیادوں پر محنت مزدوری کرکے اپنے بچوں کا پیٹ پالتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو چن چن کر ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ صرف پانچ سالوں میں 550 سے زائد پارٹی کے عہدےداروں اور کارکنوں کو شہید کیا گیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں نے کہا کہ دہشت گرد اپنے علاقوں میں اپنے علاوہ کسی کو سیاسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے رہے ہیں بلکہ اکثریتی علاقوں کو تمام سیاسی جماعتوں کے لئے نو گو ایریا بنا دیا گیا ہے اور الزام لیاری کے عوام پر لگایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیاری کا امن وہ لوگ خراب کر رہے ہیں جو گزشتہ 25 سالوں سے کراچی میں دہشت گردی، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور بوری بند لاشوں کے ذمہ دار ہیں۔ یہ لوگ اب بے نقاب ہو چکے ہیں اور چور مچائے شور کے مصداق قتل و غارت گری کرنے کا الزام اب یہ لیاری کے پرامن لوگوں پر لگا رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی ایک سیاسی جماعت ہے جس نے کبھی بھی جرائم پیشہ لوگوں کی سرپرستی نہیں کی بلکہ ہمیشہ ان کی حوصلہ شکنی کی ہے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ لیاری میں بے گناہ اور معصوم شہریوں کا قتل عام فوری بند کرایا جائے۔ شہر کے دوسرے علاقوں سے آئے ہوئے دہشت گردوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے اس موقع پر لیاری میں شہید ہونےو الے بچوں، بزرگوں اور خواتین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان لوگوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ تمام شہید ہونے والوں کے لواحقین کو معاوضہ دیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 272564
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش