0
Sunday 23 Jun 2013 13:20

سیاحوں کا قتل پاکستان پر حملہ، ریڈ زون میں داخلے پر فوجیوں کی بھی چیکنگ ہوگی، چوہدری نثار

سیاحوں کا قتل پاکستان پر حملہ، ریڈ زون میں داخلے پر فوجیوں کی بھی چیکنگ ہوگی، چوہدری نثار
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ غیر ملکی سیاحوں کا قتل پاکستان پر حملہ ہے، افسوسناک واقعہ کے بعد چیف سیکرٹری اور آئی جی گلگت بلتستان کو معطل کر دیا، دونوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔ اب کوئی فوجی بھی بغیر چیکنگ ریڈ زونز میں داخل نہیں ہوسکے گا۔ اسلام آباد میں اسپیکر سردار ایاز صادق کے زیر صدارت ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران بیان دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ کل رات ایک بجے فیری میڈوز میں بونر نالے کے قریب بیس کیمپ پر دہشتگرد آئے اور فائرنگ کرکے 9 غیر ملکی سیاحوں اور 2 پاکستانیوں کو قتل کر دیا۔ سیاحوں کو قتل کرنے والے دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز کی یونیفارم پہنی ہوئی تھیں۔ جی ایچ کیو پر جب حملہ ہوا تو وہاں بھی دہشتگرد فوجی وردیوں میں ملبوس تھے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ حساس مقامات کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کیوں نہیں کئے جاتے۔؟ ہمیں ذمہ داروں کا تعین کرنا ہوگا۔ اداروں کو دو قدم آگے بڑھ کر کارروائی کرنا ہوگی۔ سکیورٹی فورسز کو واقعات سے نمٹنے کے لئے انتظامات کرنا ہونگے، کیونکہ پاکستان میں غیر ملکی سیاحوں کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ اب کوئی فوجی بھی بغیر چیکنگ ریڈ زونز میں داخل نہیں ہوسکے گا۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ غیر ملکی سیاحوں کا قتل پاکستان پر حملہ ہے۔ اس افسوسناک واقعہ کے بعد چیف سیکرٹری اور آئی جی گلگت بلتستان کو معطل کر دیا، دونوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق سیاحوں کی میتوں کو اسلام آباد لانے کے لئے انتظامات کر لئے ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایات پر اس اندوہناک واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

 دیگر ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رات 1 بجے فیری میڈوز میں نالے کے قریب بیس کیمپ میں شدت پسند آئے۔ فائرنگ سے 3 چینی، 5 یوکرین اور ایک روسی کو قتل کیا گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق شدت پسند سکیورٹی فورسز یونیفارم میں آئے۔ ایک چینی سیاح کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ اس چینی سیاح کو ہم نے باحفاظت نکال لیا ہے۔ چینی سفیر کی اطلاع کے مطابق ایک چینی سیاح زندہ ہے، حملہ آوروں کا مقصد دنیا کو پیغام دینا تھا کہ پاکستان غیر محفوظ جگہ ہے۔ چینی سفیر سے میری بات ہوئی، اس نے پوچھا کہ کیا چینی ٹارگٹ تھے، میں نے کہا کہ ٹارگٹ پاکستان تھا۔ چوہدری نثار نے کہا کہ اب کوئی فوجی بغیر چیکنگ کے ریڈ زون میں داخل نہیں ہوسکتا۔ اگر 6 دہشتگرد فوجی وردی میں پارلیمنٹ ہاوس آئیں تو انہیں کوئی نہیں روکتا۔ جی ایچ کیو پر حملہ ہوا اور حملہ آور فوجی وردی میں آئے۔ اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے۔
خبر کا کوڈ : 275995
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش