0
Monday 8 Jul 2013 14:40

مصر میں صورتحال انتہائی کشیدہ، اخوان المسلمین کی ریلی پر فائرنگ، 42 افراد ہلاک

مصر میں صورتحال انتہائی کشیدہ، اخوان المسلمین کی ریلی پر فائرنگ، 42 افراد ہلاک
اسلام ٹائمز۔ مصر میں سابق صدر محمد مرسی کے حامیوں اور مخالفین کے مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ قاہرہ میں اخوان المسلمین کی ریلی پر فائرنگ سے 42 افراد ہلاک ہوگئے۔ اخوان المسلمین کے ترجمان کے مطابق کارکنوں کو اس وقت گولیوں کا نشانہ بنایا گیا جب وہ ری پبلکن گارڈ کی عمارت کے باہر دھرنا دینے کیلئے جمع ہو رہے تھے۔ میڈیا کے مطابق اس عمارت کے اندر سابق صدر محمد مرسی کو زیر حراست رکھا گیا ہے۔ دوسری جانب فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمارت کے باہر تصادم میں ایک فوجی ہلاک جبکہ چالیس افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جھڑپوں کے بعد علاقے کی فضا انتہائی کشیدہ ہوگئی ہے۔ محمد مرسی کی معزولی کے بعد مصر میں عبوری حکومت کی تشکیل کا معاملہ طول پکڑ گیا ہے۔ اسلامی جماعتوں کی مخالفت کی وجہ سے لبرل سیاست دان محمد البرادعی کی بطور وزیراعظم نامزدگی واپس لے لی گئی ہے۔ 

صدارتی ترجمان احمد مسلمانی نے کہا ہے کہ زیاد بہاءالدین کو وزیراعظم نامزد کئے جانے کا امکان ہے جبکہ محمد البرادعی کو نائب صدر مقرر کیا جاسکتا ہے۔ زیاد بہاءالدین حسنی مبارک کے دور حکومت میں سرمایہ کاری کے محکمے کے سربراہ مقرر کئے گئے لیکن جلد ہی مستعفی ہوگئے۔ ادھر مصر کے مختلف شہروں میں ہنگامے جاری ہیں۔ اسکندریہ میں معزول صدر کے حامی اور مخالف آمنے سامنے آگئے۔ جھڑپوں میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دوسری جانب قاہرہ میں محمد مرسی کے مخالفوں نے صدارتی محل تک مارچ کیا۔ شرکاء نے فوج کی حمایت اور امریکہ کی مخالفت میں نعرے لگائے۔ قاہرہ میں ایک بار پھر فضائیہ نے فلائی پاسٹ کیا جسے ہزاروں لوگوں نے دیکھا۔
خبر کا کوڈ : 280852
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش