0
Friday 12 Jul 2013 15:08

الطاف اور متحدہ ملکی استحکام میں رکاوٹ ہیں، جلد فیصلہ کن کارروائی کی جائے، شمشاد غوری

الطاف اور متحدہ ملکی استحکام میں رکاوٹ ہیں، جلد فیصلہ کن کارروائی کی جائے، شمشاد غوری
اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ کے وائس چیئرمین شمشاد خا ن غوری نے کہا ہے کہ حکومت کو اب مزید کن شواہد کا انتظار ہے۔ کینیڈین حکومت کے بعد اب برطانوی میڈیا نے بھی متحدہ کے قائد الطاف کی اصلیت سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ آفاق احمد بارہا حکومتی اداروں کو نشاندہی کراتے رہے کہ الطاف اور متحدہ ملکی استحکام میں رکاوٹ ہیں ان کے خلاف جلد از جلد فیصلہ کن کارروائی عمل میں لائی جانی چاہیے مگر کسی نے ان کی ایک نہ سنی اور آج الطاف کی وجہ سے پاکستان کا نام دنیا بھر میں بدنام ہو رہا ہے۔ پورے ملک کی نظریں ایک دہشت گرد کے کارناموں کی وجہ سے جھک گئی ہیں۔ عارضی بیت الحمزہ سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ اپنے ذاتی مفاد کیلئے پورے ملک کی عزت داﺅ پر لگانے کا عمل قابل مذمت ہے۔ کراچی کی معیشت کو تباہ و برباد کرکے اب متحدہ کی پالیسی ملکی وقار کو نقصان پہنچانا ہے لہذا تمام حکومتی ادارے ملک دشمن فاشسٹ جماعت متحدہ کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں تاکہ متحدہ کی گھناﺅنی پالیسیوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف کا مہاجر قوم سے کوئی تعلق نہیں، متحدہ الطاف نے صرف کرپشن، دہشت گردی، خوف اور مفاد پرستی کے حربے استعمال کرنے کے لئے بنائی تھی جس کا پردہ اب فاش ہو چکا ہے۔
 
شمشاد خان غوری نے کہا کہ متحدہ کے لئے ہر جگہ آج لوگوں میں منفی عنصر پایا جا رہا ہے جو اس بات کی تصدیق ہے کہ لوگ متحدہ کی حقیقت کو اچھی طرح جان چکے ہیں اور کسی بھی صورت میں اس دہشت گرد جماعت سے چھٹکارہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اس حقیقت سے بھی آشنا ہو گئے ہیں کہ شہر میں ہونے والے قتل اور دیگر وارداتوں میں متحدہ کے کارندے ہی شامل تھے۔ گزشتہ روز برطانوی چینل سے نشر ہونے والے پروگرام میں متحدہ کے سابق رہنماء نعیم احمد نے کھلے لفظوں میں اس حقیقت سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ کراچی میں قتل الطاف کی ایماء پر کرائے جاتے ہیں۔ اس کا مطلب پھر یہ کہنا غلط نہ تھا کہ دہشت گردی کا سوئچ لندن سے آن کیا جاتاہے۔ شمشاد خان غوری نے کہا کہ متحدہ اداروں سے تصادم کی پالیسی میں مزید خون خرابے اور نوجوانوں کو مزید دہشت گردی کے اندھیروں میں دھکیلنے کا عمل بند کرے۔
خبر کا کوڈ : 282305
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش