0
Monday 15 Jul 2013 18:57

لیاری سمیت کراچی میں بدامنی و قتل و غارتگری حکومت کی ناکامی ہے، قاری عثمان

لیاری سمیت کراچی میں بدامنی و قتل و غارتگری حکومت کی ناکامی ہے، قاری عثمان
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کراچی کے امیر قاری محمد عثمان نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں لیاری سے عوام کی نقل مکانی کسی المیہ سے کم نہیں۔ لیاری سمیت کراچی میں امن و امان قائم کرکے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ لیاری سمیت کراچی میں بدامنی و قتل و غارت گری حکومت کی ناکامی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علماء اسلام لیاری کے رہنماء عثمان غنی پراچہ کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد علماء کرام اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر قاضی امین الحق آزاد، حاجی رحم غنی، حاجی عمر غنی، قاری امین الدین ہزاروی، مولانا عنایت اللہ پراچہ اور دیگر بھی موجود تھے۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ لیاری سمیت کراچی شہر شدید بد امنی کی لپیٹ میں ہے۔ روزانہ درجنوں نے گناہ افراد کو قتل کر دیا جاتا ہے لیکن حکومت صرف خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔
 
قاری محمد عثمان نے کہا کہ لیاری سے لوگوں کی نقل مکانی حکومت کی ناکامی ہے اور رمضان جیسے مقدس مہینے میں لوگوں کا اپنے گھروں کو چھوڑ کر نقل مکانی کرنا کسی المیہ سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ محض رپورٹوں کے تبادلوں سے امن قائم نہیں ہو سکتا بلکہ حکومت کو اپنے کردار سے یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ عوام کے جان و مال، عزت و آبرو کی حفاظت کو اپنا اولین فرض سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقض حکمت عملی اور غلط پالیسیوں کے سبب لیاری جیسا پرامن علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کر رہا ہے اور طویل عرصہ سے ایک ساتھ رہنے والی عوام کو سازش کے تحت باہم دست و گریباں کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سازشوں کو بے نقاب اور قیام امن حکومت کی ذمہ داری ہے اور اگر حکومت اپنی ذمہ داری کو ذمہ داری کے ساتھ ادا کرے تو کوئی وجہ نہیں کہ امن قائم نہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے اس اہم مسئلہ کو سنجیدگی سے حل نہ کیا تو پھر حالات بہتر ہونے کے بجائے مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 283385
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش