0
Tuesday 23 Jul 2013 17:26

کوئٹہ، مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام روضہ سیدہ زینب (س) پر حملہ کیخلاف احتجاجی ماتمی جلوس

کوئٹہ، مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام روضہ سیدہ زینب (س) پر حملہ کیخلاف احتجاجی ماتمی جلوس

اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام بی بی زینب سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک پر راکٹ حملہ کیخلاف کوئٹہ میں علمدار روڈ پر احتجاجی ماتمی جلوس نکالا گیا۔ احتجاجی ماتمی جلوس میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کرتے ہوئے شام میں دہشتگردوں کی جانب سے کی جانے والی ناپاک جسارت پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ ریلی کے شرکاء ماتم کرتے ہوئے بہشت زینب (س) ہزارہ قبرستان تک گئے۔ احتجاجی جلوس میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ سید ہاشم موسوی، رکن ضلعی شوریٰ علامہ ولایت حسین جعفری اور رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا اور دیگر عمائدین بھی شریک تھے۔ جلوس کے شرکاء سے علامہ سید ہاشم موسوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اہلبیت (ع) اور صحابہ کرام کی عظمت پر اپنے آل و عیال کو قربان کیا ہے اور مزید قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کرینگے۔
 
انہوں نے کہا کہ شام میں تکفیری گروہ نے اسلام دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ اگر اب بھی اسلامی ممالک ظلم کیخلاف آواز حق بلند نہیں کرینگے تو قیامت کے دن رسول اللہ (ص) کو کس منہ سے جواب دینگے؟ ان کا کہنا تھا کہ اسلام تو عام انسان کی قبور کے احترام کا درس دیتا ہے اور عالم اسلام کیلئے بی بی زینب (س) کا روضہ تو ایک قیمتی اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے حقیقی پیروکار روضہ مقدس اور دیگر مذہبی مقامات کی حفاظت کرنا جانتے ہیں اور اس کیلئے کسی قسم کی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ اس بے حرمتی کیخلاف آواز بلند کرے کیونکہ امت مسلمہ کی بیداری میں ہی امریکہ، اسرائیل، اسلام دشمن عناصر اور تکفیری گروہوں کی موت ہے۔ انہوں نے جلوس کے آخر میں شرکاء کے سامنے قرار دادیں پیش کیں جو کہ شرکاء نے اللہ اکبر کے نعروں کیساتھ منظوری کیں۔

خبر کا کوڈ : 286109
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش