0
Sunday 4 Aug 2013 19:28

یہودی ایجنٹ کہنے پر عمران خان کا فضل الرحمن کیخلاف کیس کا اعلان

یہودی ایجنٹ کہنے پر عمران خان کا فضل الرحمن کیخلاف کیس کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے یہودی ایجنٹ کہنے پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو عدالت لے جانے کا اعلان کیا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے ان پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ یہودیوں کے ایجنٹ ہیں، لہٰذا اب وہ عدالت میں اس بات کو ثابت کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پہلے 90 دنوں میں ملک کی صورتحال میں کوئی فرق نہیں پڑا حالانکہ کسی بھی حکومت کے لئے پہلے 90 دن بہت اہم ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو بجلی اور ٹیکس چوری روکنے چاہئے تھی لیکن وہ اس میں ناکام نظر آتی ہے، جس کا براہ راست اثر ایماندار لوگوں پر پڑھ رہا ہے اور انہیں اس کی قیمت چکانی پڑ رہی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں ٹیکس اور بجلی کی چوری محکموں کی ملی بھگت سے ہو رہی ہے، اگر حکومت چوری روکتی تو مہنگائی نہ کرنی پڑتی۔ انہوں نے کہا کہ صرف جولائی کے مہینے میں مہنگائی میں 24 فیصد اضافہ کیا گیا اور اس طرح روز بروز مہنگائی کرکے تنخواہ دار طبقے کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے، اب حکومت نے بجلی کی چوری روکنے کے بجائے اس کے نرخوں میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے ملک میں مہنگائی کا مزید طوفان آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو روپے کی قدر مستحکم کرنے کے لئے اقدامات کرنے چاہئے، کیونکہ ڈالر کی قدر بڑھنے سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی ہوگی۔

ڈیرہ اسماعیل خان جیل پر حملے کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ یہ واقعہ پوری قوم کے لئے لمحہ فکریہ ہے، وفاقی حکومت کو لکھا ہے کہ ایف سی کو خیبر پختونخوا بھیجا جائے اور اس سلسلے میں وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی انکوائری رپورٹ منظر عام پر لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جیل کی حفاظت کے لئے 3 سرکلرز تھے لیکن سوال یہ ہے کہ لڑائی کیوں نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے 3 طرف فاٹا ہے، جہاں سے دہشت گرد صوبے میں داخل ہوتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 289710
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش