0
Tuesday 6 Aug 2013 12:31

دنیا کی کوئی طاقت بشار الاسد کے ساتھ ہمارے تعلقات کو متاثر نہیں کرسکتی، ڈاکٹر حسن روحانی

دنیا کی کوئی طاقت بشار الاسد کے ساتھ ہمارے تعلقات کو متاثر نہیں کرسکتی، ڈاکٹر حسن روحانی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے نئے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ان کا شامی صدر بشار الاسد کی حکومت کے ساتھ اتحاد قائم رہے گا اور کوئی تبدیلی اس پر اثرانداز نہیں ہوگی۔ ایرانی صدر شامی وزیراعظم وائل الحلقی سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ''دنیا کی کوئی بھی طاقت دونوں ممالک کے درمیان ٹھوس، تزویراتی اور تاریخی تعلقات کو متاثر نہیں کرسکتی ہے''۔ شامی عرب نیوز ایجنسی (سانا) نے ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی کا یہ بیان نقل کیا ہے کہ ''شام، ایران تعلقات مفاہمت اور مشترکہ منزل پر مبنی ہیں۔'' انھوں نے شام میں استحکام، چیلنجز سے نمٹنے، اصلاحات کیلئے کوششوں کی حمایت اور بحران کے پرامن حل کے لیے شامی عوام اور حکومت کیلئے ایران کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
 
واضح رہے کہ ایران اور شام کے درمیان 1980ء کے عشرے سے قریبی تعلقات چلے آرہے ہیں۔ تب عراق کے سابق صدر صدام حسین کی فوجوں کی ایران پر جارحیت کے وقت شام نے ایران کی بھرپور حمایت کی تھی۔ اب ایران شامی صدر بشار الاسد کی ان کے خلاف غیر ملکی حمایت یافتہ مسلح باغیوں کی تحریک میں بھرپور حمایت کر رہا ہے۔ شامی وزیراعظم نے حسن روحانی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی اور اس موقع پر انھوں نے شامی صدر کا ایک خط ان کے حوالے کیا۔ اس میں انھوں نے دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی تعلقات کے فروغ پر زور دیا ہے۔ انھوں نے لکھا کہ ''دونوں حکومتیں مغرب، امریکہ اور خطے میں ان کے آلہ کاروں کی سازشوں کے مقابلے کا عزم رکھتی ہیں۔ یہ طاقتیں مزاحمت کی قوتوں کو کم زور کرنا چاہتی ہیں۔''
خبر کا کوڈ : 290138
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش