0
Tuesday 13 Aug 2013 15:04

کالعدم لشکر جھنگوی کا دہشت گرد جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا

کالعدم لشکر جھنگوی کا دہشت گرد جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا
اسلام ٹائمز۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پٹیل پاڑہ میں دھماکا خیز مواد پھٹنے اور قتل و اقدام قتل کے الزام میں گرفتار کالعدم لشکر جھنگوی کے دہشت گرد عمران عرف عامر کے جسمانی ریمانڈ میں ایک ہفتے کی توسیع کرتے ہوئے اسے پولیس کی تحویل میں دیدیا ہے۔ جمشید کوارٹر پولیس نے ملزم کو زخمی حالت میں ایمبولینس کے ذریعے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر 3 کے لنک جج کے روبرو پیش کیا اور عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی سے ہے۔ ملزم اور اس کے دیگر ساتھی متین الدین، سبحان اور نعیم جو کہ بم دھماکے میں ہلاک ہوگئے تھے جمشید کوارٹر کے علاقے پٹیل پاڑہ کے ایک مکان میں کرائے پر مقیم تھے اور وہاں 21 رمضان المبارک کو یوم شہادت حضرت علی (ع) کے موقع پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

اس سلسلے میں ملزمان 20 جولائی کو مکان میں بم تیار کر رہے تھے تاہم دھماکا خیز مواد پھٹ گیا جس کے نتیجے میں متین الدین، سبحان اور نعیم موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ملزم عمران عرف عامر زخمی ہوگیا جسے پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا تھا لہذا ملزم کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے تاکہ مزید تفتیش کی جاسکے۔ عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم کا جسمانی ریمانڈ دے دیا۔ استغاثہ کے مطابق جمشید کوارٹر تھانے کی حدود پٹیل پاڑہ میں 20 جولائی 2013ء کو ایک مکان میں بم کی تیاری کے دوران دھماکا ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے کارکنان ہلاک ہوگئے تھے جبکہ ایک ملزم عمران کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔ ملزمان کے خلاف تھانہ جمشید کوارٹر میں قتل، اقدام قتل، پولیس مقابلہ اور دھماکا خیز مواد رکھنے کے مقدمات قائم کیے گئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 292028
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش