0
Tuesday 13 Aug 2013 20:58

حکومت دہشتگردوں سے ہمدردی ختم کرکے ان کیخلاف کارروائی کرے، حلیم عادل شیخ

حکومت دہشتگردوں سے ہمدردی ختم کرکے ان کیخلاف کارروائی کرے، حلیم عادل شیخ
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ قائداعظم سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ کوئٹہ سمیت ملک بھر میں لوگ دہشت گردوں کے ہاتھوں مر رہے ہیں اور وزیر داخلہ دہشت گردوں کا خاتمہ کرنے کے بجائے ملک سے اسلحہ کو پاک کرنے کی پلاننگ میں مصروف ہیں۔ وزیر داخلہ کے پاس کونسا نسخہ کیمیا ہے کہ اسلحہ کو ختم کر دیں گے جبکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ اسلحہ سے پاک کرنے کے بجائے ملک میں سے دہشت گردوں کا خاتمہ ضروری ہے اور اس کیلئے بہتر طریقہ کار یہ ہے کہ وفاقی حکومت مذہبی انتہاء پسندوں اور دہشت گردوں سے ہمدردی ختم کریں اور براہ راست فوج کے تعاون سے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اس صورت میں اگر کوئی شخص یا تنظیم حکومت کے خلاف تشدد کا استعمال کرے اور معصوم شہریوں کو ہلاک کرے تو ان لوگوں کو بالکل برداشت نہیں کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ کے صوبائی سیکرٹریٹ میں لیگی کارکنان سے عید ملن کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وفاقی حکومت ادھر ادھر ٹامک ٹوئیاں مار رہی ہے، کبھی بات چیت کا بہانہ کرتی ہے لیکن اصل مرض کے علاج سے ہچکچاتی ہے اور مرض یہ ہے کہ محدود سے انتہاء پسند دہشت گردوں نے پاکستان کو یرغمال بنا لیا ہے اور حکومت کے پاس یہ حوصلہ نہیں کہ یکسوئی کے ساتھ ان عناصر کا قلع قمع کرکے پاکستان کو ایک پرامن، پرسکون اور انصاف دوست ملک بنا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ اپنی گفتگو میں کبھی صوبائی حکومتوں سے مشاورت کی بات کرتے ہیں تو کبھی وفاق سے پوچھنے کی اور کبھی گزشتہ ادوار کو برا بھلا کہتے ہیں جبکہ پاکستان کی اس نازک صورتحال میں جہاں مل جل کر چلنے کی ضرورت ہے یہ لوگ اپنی گزشتہ روش پر چل رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے دہشت گردوں سے ہمدردی کا تاثر ختم کرنا پڑے گا۔ خالصتا ملک پاکستان کے متعلق سوچنا پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت اپوزیشن اور عوام کی جانب سے تنقیدی بیانات کو اصلاح کے طور پر لے اور ملک دشمنوں اور دوستوں کے درمیان پہچان کرنے کے لئے سنجیدہ رویہ اختیار کرے۔
خبر کا کوڈ : 292150
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش