0
Wednesday 14 Aug 2013 22:36

بھارتی بحریہ کی آبدوز میں دھماکہ، 18 فوجی ہلاک

بھارتی بحریہ کی آبدوز میں دھماکہ، 18 فوجی ہلاک
اسلام ٹائمز۔ بھارتی وزیرِ دفاع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ممبئی کی بندرگاہ پر بھارتی بحریہ کی ایک آبدوز میں دھماکے کے بعد ہلاکتیں ہوئی ہیں، اس آبدوز میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی تھی، آگ پر قابو پالیا گیا ہے لیکن آئی این ایس سندھو رکھشک نامی یہ آبدوز اب بھی جزوی طور پر پانی کے اندر ہے، آگ بجھانے والا عملہ اور امدادی کارکن موقعے پر موجود ہیں، بھارتی وزیر دفاع نے جائے حادثہ کا دورہ کیا ہے اور آبدوز میں سوار افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ مجھے بحریہ کے جوانوں کے جانی نقصان پر افسوس ہے، دوسری جانب ریاست مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ نے بحریہ کی اس مشکل گھڑی میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، بھارتی بحریہ کے سربراہ ایڈمیرل ڈی کے جوشی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے کے وقت آبدوز میں 3 افسران سمیت 18 اہلکار موجود تھے، واضح رہے کہ بعض ذرائع کے مطابق ان 18 اہلکار کو اب مردہ تصور کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا ہمیں آبدوز میں پھنسے لوگوں کے بارے میں نا امید نہیں ہونا چاہیے لیکن اس کے ساتھ ہی انہوں نے افسوسناک خبر سننے کے لیے تیار رہنے کی بات بھی کی، انہوں نے کہا کہ آبدوز میں دھماکے کے بعد آگ تیزی سے پھیل گئی اور آگ پر قابو پانے میں دو گھنٹے لگ گئے، انہوں نے کہا کہ بہر حال دھماکے کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں اور ابھی یہ نہیں کہا جاسکتا کہ یہ سبوتاژ کی کوئی کوشش تھی، یہ حادثہ منگل کی رات تقریباً سوا بارہ بجے ممبئی میں بحریہ کے ڈاک یارڈ میں پیش آیا دھماکے اور آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ روسی ساخت کی یہ آبدوز پوری طرح تباہ ہوگئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 292501
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش