0
Wednesday 4 Sep 2013 13:15

اقوام متحدہ کی اجازت کے بغیر شام کیخلاف کوئی بھی فوجی اقدام غیر قانونی ہوگا، بان کی مون

اقوام متحدہ کی اجازت کے بغیر شام کیخلاف کوئی بھی فوجی اقدام غیر قانونی ہوگا، بان کی مون
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ بارہا کہہ چکا ہوں کہ دنیا میں قیام صلح، امن و امان کی برقراری اور تحفظ کا اصلی ذمہ دار اقوام متحدہ ہے۔ یو این او کے سیکرٹری جنرل نے ظاہراً امریکہ کی طرف سے اقوام متحدہ کی اجازت کے بغیر شام پر فوجی  حملے کے حق کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی طرح کی فوجی کارروائی صرف اس وقت قانونی ہے جب وہ اپنے دفاع کیلئے ہو، اقوام متحدہ کے منشور کے شق نمبر 51 سے ہم آہنگ اور سکیورٹی کونسل کی اجازت سے ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز نیویارک میں یو این او کے دفتر میں امریکہ کی طرف سے شام پر حملے کے اعلان کے چند روز بعد اپنے ردعمل کا  اظہار کرتے ہوئے کیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا مزید کہنا تھا کہ وہ شام میں فوجی آپریشن کے مخالف ہیں، انہوں نے شام کے بحران سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شام پر حملے کے نتیجے میں وہاں زیادہ خونریزی اور افراتفری کے پھیلنے کا اندیشہ ہے۔

بان کی مون کا کہنا تھا کہ آئندہ کیمیائی حملے کی روک تھام کیلئے فوجی کارروائی کے استدلال کی طرف متوجہ ہوں، لیکن ساتھ ہی ساتھ اس تنبیہ کے نتیجے میں زیادہ خونریزی کو روکنے اور اس جنگ سے بچنے کے لئے اس بحران کے سیاسی حل کے لئے بھی امکانات فراہم کرنا ہونگے۔ یو این کے سیکرٹری جنرل نے شام کے کسی بھی فریق پر کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا الزام لگائے بغیر کہا کہ اگر یہ ثابت ہو جائے کہ شام میں جاری جنگ کے کسی بھی فریق نے کسی بھی قسم کی شرائط کے تحت کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا ہے تو انکا یہ اقدام بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور ایک وحشتناک جنگی جرم حساب کیا جائے گا۔ بان کی مون کا کہنا تھا کہ یہ الزام کسی بھی فریق کے خلاف ثابت ہونے کی صورت میں یہ بین الاقوامی برادری کیلئے خطرے کی گھنٹی ہوگی۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ کیمیائی حملے کے بارے میں یو این او کی تحقیقات کا مقصد یہ ہے کہ آزادانہ، بصورت عینی اور مکمل غیر جانبداری کے ساتھ اس کی حقیقت معلوم کی جائے۔

دیگر ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ شام کیخلاف طاقت کا استعمال اس وقت قانونی تصور ہوگا جب وہ سکیورٹی کونسل کی اجازت سے ہو۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کا کہنا تھا کہ اگراقوام متحدہ کے معائنہ کار شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی تصدیق کرتے ہیں تو پھر سکیورٹی کونسل اختلافات بھلا کر متحد ہو اور شام کیخلاف کوئی کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ شام میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی بلکہ جنگی جرم ہے۔ کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 298410
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش