0
Thursday 29 Aug 2013 08:15

سلامتی کونسل میں شام پر حملے کی قرارداد منظور نہ ہوسکی

سلامتی کونسل میں شام پر حملے کی قرارداد منظور نہ ہوسکی
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شام پر حملے کی قرارداد منظور نہ ہوسکی، امریکی صدر باراک اوباما کا کہنا ہے کہ شام پر فوجی حملے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ اقوامِ متحدہ کی ٹیم نے شام میں مبینہ کیمیائی حملوں کے مقام کا دورہ کیا اور شواہد اکٹھے کیے۔ روس نے پھر واضح کیا ہے کہ اقوامِ متحدہ کی رپورٹ سے پہلے شام کے خلاف فوجی کاررائی نہیں ہونی چاہیے، برطانیہ نے بھی اس موقف کی تائید کردی ہے۔ شام میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے مخالفین کیخلاف مبینہ کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے الزامات کے بعد بشار الاسد حکومت کے خلاف کارروائی کے لیے سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں شام پر حملے سے متعلق ایک قرارداد پیش کی گئی تھی، جس پر گرما گرم بحث ہوئی۔
 
واشنگٹن میں محکمہ خارجہ کی ترجمان میری ہارف کا کہنا تھا کہ امریکہ شام میں کیمیائی حملوں کا ذمے دار صدر بشار الاسد کو سمجھتا ہے۔ ترجمان نے سلامتی کونسل میں روس کے رویے پر بھی کڑی تنقید کی اور کہا کہ روس کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے سکیورٹی کونسل میں شام میں زہریلی گیس کے استعمال کیخلاف مذمتی قرارداد منظور نہ ہوسکی۔ شام کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے بڑے مخالف روس کا کہنا ہے کہ اقوامِ متحدہ کا فیصلہ آنے سے پہلے، طاقت کا استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ روسی وزیرِ خارجہ نے اپنے برطانوی ہم منصب کو بھی اس موقف پر قائل کر لیا ہے اور اب برطانیہ نے بھی اقوامِ متحدہ کی رپورٹ آنے تک شام کے خلاف فوجی کارروائی کا حصہ بننے سے انکار کردیا ہے۔ ادھر دارالحکومت دمشق کے نواحی علاقوں میں اقوام متحدہ کے انسپکٹروں کی ٹیم نے اسپتالوں سے مبینہ کیمیائی حملوں کا شکار ہونے والے افراد کے نمونے حاصل کرلیے۔ اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون یہ واضح کرچکے ہیں کہ تمام تحقیقات مکمل ہونے میں مزید تین سے چار دن لگیں گے۔
خبر کا کوڈ : 296588
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش