0
Sunday 22 Sep 2013 20:21

اسلام دشمن قوتیں پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے دہشت گردی ہیں، سیاسی و مذہبی رہنما

اسلام دشمن قوتیں پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے دہشت گردی ہیں، سیاسی و مذہبی رہنما
اسلام ٹائمز۔ سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے پشاور میں ہونیوالے دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام دشمن قوتیں پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے دہشت گردی کی ایسی مذموم کارروائیاں کر رہی ہیں۔ امیر جماعۃالدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے پشاور میں ہونے والے دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پوری قوم پر فرض ہے، کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کئے گئے ملک پاکستان میں ایسی دہشت گردانہ سرگرمیوں کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی، حکومت پاکستان دھماکوں میں ملوث عناصر کو فی الفور گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دے تاکہ آئندہ کیلئے ایسی وارداتوں پر قابو پایا جا سکے۔

پاکستان مسلم لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین اور سینئر مرکزی رہنما سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے پشاور کے قصہ خوانی بازارمیں چرچ پر حملہ کے بہیمانہ واقعہ پر دلی رنج و غم کااظہار کیاہے۔ دونوں رہنماؤں نے بشپ لاہور سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے عیسائی برادری سے اظہاریکجہتی کیا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ عیسائی برادری کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور اس واقعہ کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے عیسائی برادری کی عبادت گاہوں کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے پشاور میں گرجا گھر میں ہونے والے دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے اور اس واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندان سے دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کے لئے جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ خیبر حکومت اقلیتوں کو تحفظ فراہم کر نے میں بری طرح نا کام ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ وطن عزیز کے خلاف ایک گہری سازش ہے، جے یو آئی اقلیتوں کے ساتھ غم میں برابر کی شریک ہے۔ جماعت اسلامی پنجاب کے امیر ڈاکٹر سیّد وسیم اختر نے پشاور گرجا گھر پر خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہو ئے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی میں امریکی بلیک واٹر تنظیم اور ریمنڈ ڈیوس نیٹ ورک ملوث ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے عفریت کو قابو پانے کیلئے امریکہ کی بڑھتی ہوئی مداخلت کے آگے بندھ باندھنا ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 304282
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش