0
Friday 11 Oct 2013 17:55

دہشتگرد جماعت کراچی آپریشن سے خوفزدہ ہو کر پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنا رہی ہے، کاشف مغل

دہشتگرد جماعت کراچی آپریشن سے خوفزدہ ہو کر پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنا رہی ہے، کاشف مغل
اسلام ٹائمز۔ مہاجرقومی موومنٹ (پاکستان) کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری کاشف مغل نے کہا ہے کہ قتل و غارت گری دراصل ماضی میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کو دی گئی چھوٹ کا نتیجہ ہے جو ناصرف کراچی بلکہ پورے ملک کی بدنامی اور دہشتگردی پھیلانے کا سبب بن رہا ہے۔ حکومت عملی اقدامات اٹھائے تاکہ ملک کی بقاء و سلامتی کیلئے خطرہ بننے والے دہشت گرد عناصر کا قلع قمع کیا جا سکے۔ پارٹی چیئرمین آفاق احمد کی رہائشگاہ پر لانڈھی بابر مارکیٹ سے آئے دکانداروں اور تاجروں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کاشف مغل نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن میں مسلسل کامیابیوں کی وجہ سے کراچی پر قابض دہشت گرد جماعت کے کارندوں نے پولیس اہلکاروں اور افسروں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ تیز کر دیا ہے جو درحقیقت ریاست کے خلاف دہشتگردوں کا اعلان جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اداروں کو اب فیصلہ کن کارروائی جبکہ عوام کو انکی بھرپور حمایت کرنی چاہئے۔
 
کاشف مغل نے کہا کہ کراچی پر قابض دہشت گرد جماعت ہمیشہ سے ملک کے خلاف سرگرم رہی ہے جس کی واضح مثال ماضی میں ISI کے خلاف لکھے گئے خط اور اپنے زیر اثر علاقوں میں سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے واقعات ریکارڈ پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد کو عرصہ دارز سے بندوق کی نوک پر یرغمال رکھ کر مشرقی پاکستان جیسے حالات پیدا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ کاشف مغل نے مزید کہا کہ حکام جان لیں کہ یہ وہی دہشت گرد جماعت ہے جو کراچی آپریشن سے خوفزدہ ہو کر پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنا رہی ہے تاکہ آپریشن کا رخ موڑا جا سکے اور انھیں اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
خبر کا کوڈ : 310324
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش