0
Monday 14 Oct 2013 19:50

الخدمت فاونڈیشن کے زیر اہتمام حوطو، بلتستان، میں امدادی سامان کی تقسیم

الخدمت فاونڈیشن کے زیر اہتمام حوطو، بلتستان، میں امدادی سامان کی تقسیم
اسلام ٹائمز۔ الخدمت فاونڈیشن نے حوطو کے متاثرین سیلاب میں خوراک تقسیم کر کے بلاتفریق انسانیت کی خدمت کی مثال قائم کی ہے، اس طرح کے فلاحی اقدامات سے باہمی ہم آہنگی اور اتحاد کی راہ ہموار ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر انجمن امامیہ بلتستان آغا محمد عباس رضوی نے الخدمت فاونڈیشن گلگت بلتستان کی طرف سے حوطو کے سیلاب متاثرین میں خوراک کی تقسیم کے دوران تقریب میں متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو بھی چاہیئے کہ وہ متاثرین کو سردیوں سے قبل اقدامات اٹھائیں۔ اپنے خطاب میں صدر انجمن اہلسنت والجماعت بلتستان ریجن مولانا ابراہیم خلیل نے کہا کہ ہم الخدمت فاونڈیشن کے اقدامات کو سراہتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اہلیان حوطو کی بھرپور مدد کریں، زبانی جمع خرچ سے متاثرین کے مسائل کم نہیں ہونگے، متاثرین کی بحالی کیلئے دیگر ادارے بھی اپنا کردار ادا کریں۔ 

امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان مولانا عبدالسمیع نے اپنے خطاب میں کہا ہیں کہ الخدمت نے اپنی بساط کے مطابق امداد حوطو کے متاثرین کیلئے پہنچائی ہے اور الخدمت کا یہ اعزاز ہےکہ بلاتفریق انسانیت کی خدمت کرتی ہے، اس سے پہلے عطاءآباد ہنزہ، گلگت، غذر، استور اور دیامر کے متاثرین سیلاب کو بھی ریلیف پہنچایا ہے۔ ہم متاثرین حوطو کے ساتھ ہیں ہم انہیں تنہا نہیں چھوڑینگے، یہاں لوگوں کی قیمتی زمینیں اور مکانات تباہ ہوئے ہیں حکومت نے ابھی تک ان متاثرین کی خاطر خواہ امداد نہیں دی، اس طرح کی بڑی آفات میں حکومتی ذمہ داری بنتی ہےکہ انکی معاونت کرے، لیکن نہایت افسوس کی بات ہےکہ ہماری حکومت حوطو کے متاثرین کو چھت فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ 

سردیوں کے موسم کی آمد آمد ہے بلتستان میں سردی کا تناسب دیگر اضلاع سے زیادہ ہے لیکن متاثرین ابھی تک خیموں میں پڑے ہوئے ہیں اور نہ ہی انکے لئے پینے کے صاف پانی کی سہولت موجود ہے، بچے دریا سے پانی لاتے ہیں جسکی وجہ سے جانی خطرے کا بھی نقصان ہے۔ حکومت سردی کا زور پکڑنے سے قبل ہی متاثرین کو چھت فراہم کرے اور صاف پانی بھی مہیا کرے۔ انکے مکانات کا جائزہ لیکر فورا انکے معاوضے ادا کر دئیے جائیں۔ بلتستان ریجن میں امن کے قیام اور ترقی میں تمام مسالک کے علماء خصوصا شیخ حسن جعفری کا مثالی کردار رہا ہے۔جماعت اسلامی اس امن کے ماحول کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر سکردو عمر شیر چٹھہ نے حوطو متاثرین کی امداد کرنے پر الخدمت فاونڈیشن کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا۔ الخدمت فاونڈیشن گلگت بلتستان نے عید الاضحٰی سے قبل حوطو کے سیلاب سے متاثرہ 58 گھرانوں میں خوراک تقسیم کی۔
خبر کا کوڈ : 311222
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش