0
Saturday 19 Oct 2013 11:02

وزیراعظم سمیت پوری حکومت امریکی دباو میں، طالبان غیر مشروط مذاکرات کیلئے تیار ہیں، سمیع الحق

وزیراعظم سمیت پوری حکومت امریکی دباو میں، طالبان غیر مشروط مذاکرات کیلئے تیار ہیں، سمیع الحق
اسلام ٹائمز۔ دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جمعیت علمائے اسلام (س) کے مرکزی امیر مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں نواز شریف سمیت پوری حکومت امریکی دباﺅ میں ہے۔ طالبان کہہ چکے ہیں کہ ہم غیر مشروط مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔ اب گیند حکومت کے کورٹ میں ہے، وہ کیا کرتی ہے۔ حکومت کو بھی چاہئے وہ بھی بغیر کسی شرائط کے طالبان سے مذاکرات شروع کرے، اسی میں بہتری ہے۔ پہلے ہی ملک میں خونریزی بہت ہوچکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الاضحٰی کے روز جے یو آئی (س) کے مرکزی رہنما پیر محمد یوسف بخاری سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ طالبان مذاکرات کے لئے انتہائی مخلص نظر آتے ہیں اب حکومت کو بھی ملک میں قیام امن کے لئے مخلص پن دکھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا ملک کی سالمیت انتہائی خطرے میں پڑچکی ہے، آئے روز ملک میں ڈرون حملوں کے ذریعے لوگ مر رہے ہیں، حکومت ڈنگ ٹپاﺅ پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔ انہیں کوئی احساس نہیں کہ ملک کی سالمیت داﺅ پر لگ چکی ہے۔ اب وقت آگیا ہے ہم سب کو مل کر ملک کو بچانے کے لئے اپنے گھروں سے باہر نکلنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت قوم بھی اس بات پر متحد ہوچکی ہے کہ طالبان کے ساتھ ملکی مفاد کی خاطر مذاکرات ہونے چاہئیں۔
خبر کا کوڈ : 312246
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش