0
Thursday 31 Oct 2013 23:59

اسلامی تحریک پاکستان گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لیگی

اسلامی تحریک پاکستان گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لیگی
رپورٹ: میثم بلتی

 شیعہ علماء کونسل گلگت بلتستان کے صوبائی صدر سید محمد عباس رضوی نے جمعرات کے روز پریس کلب اسکردو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے اوپر ستم یہ ہے کہ 60 سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود گلگت بلتستان کو آئینی حقوق سے مسلسل محروم رکھا ہوا ہے، اس ضمن میں اب تک جتنی بھی صدائیں بلند ہوئی وہ صدا بہ صحرا ثابت ہوئی۔ مسئلہ کشمیر جو کہ اقوام عالم کے چارٹر پہ حل طلب ہے اس کی ہمدردی میں حکمرانوں نے ہر وقت مگر مچھ کے آنسوں بہائے لیکن گلگت بلتستان کے آئینی حقوق پر اب تک کوئی ہمدردانہ غور و خوص تو دور کی بات، اس سلسلے میں ہماری فریاد سنی ہی نہیں جاتی، جسکی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ اسلامی تحریک پاکستان نے علاقے میں سیاسی شعور اجاگر کرنے اور مظلوموں کی دادرسی کیلئے ماضی میں نہایت اہم کرادر ادا کیا ہے، اس سلسلے میں سیاسی سطح پر جماعتی انتخابات میں مثالی کامیابی حاصل کی اور الیکشن میں حکومت بھی قائم کی، نیز شمالی علاقہ جات کونسل سے شمالی علاقہ جات قانون ساز کونسل کی بنیاد رکھنے میں کلیدی کرادار ادا کیا ہے، ساتھ ہی گلگت بلتستان کو شناخت دینے اور اصلاحات لانے میں بھی بڑا اہم کردار ادا کیا ہے اور اس ضمن میں گلگت بلتستان کو پانچواں صوبہ بنانے کے مطالبہ کا اعزاز بھی ہمیں حاصل رہا ہے۔ مگر افسوس یہ ہے کہ تحریک جعفریہ پر بلاجواز پابندی لگائی گئی، تاکہ حق پرستی کی آواز کو دبا کر مفاد پرست حکمران اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہوں، لیکن 2013ء کے عام انتخابات میں اسلامی تحریک پاکستان نے بھرپور حصہ لیا اور ثابت کیا کہ اسلامی تحریک پاکستان نے ملک میں فرقہ واریت کو شکست دی ہے اور قومی دھارے میں ملکی مفاد میں کردار ادا کیا ہے۔
 
ایس یو سی جی بی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اسلامی تحریک پاکستان گلگت بلتستان کی اہمیت اور حساسیت سے بخوبی واقف ہے اور یہ بات کسی سے مخفی نہیں کہ جب ہم نے سیاسی کردار ناروا پابندی لگنے کے سبب ادا نہیں کرسکے تو گلگت بلتستان کو مختلف عناصر نے مشق ستم بنایا، علاقے کو فرقہ واریت کی دلدل میں دھکیلنے کی بھرپور کوشش کی گئی، اس خوبصورت سیاحتی مقام کی سیاحت متاثر کی اور پوری دنیا میں جی بی کے حسین چہرے کو داغدار کیا گیا اور اغیار کی خوشامد کیلئے پاک چین دوستی میں رخنہ اندازی کی مذموم کوشش کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی تحریک پاکستان نے ہمیشہ ملک میں سیاسی استحکام اور جمہوری روایات کے عملی قیام کیلئے جدوجہد کی ہے، جمہوریت کے فروغ اور عوام کے حقوق کی خاطر ہراول دستے کا کردار ادا کرتی رہی ہے، ملکی سطح پر متحدہ مجلس عمل اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان میں ہمارا کردار کسی سے پوشیدہ نہیں، جبکہ اتحاد امت میں جس طرح قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کردار ادا کیا ہے وہ بھی سب کے سامنے ہے۔ اسلامی تحریک پاکستان نے ہمیشہ چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کے آئینی و قانونی حقوق کی آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کی خواہشات کا احترام کرتے ہوئے انہیں آئینی و قانونی حقوق دیئے جائیں اور بلا تاخیر گلگت بلتستان کو ملک کے پانچویں صوبے کا درجہ دیا جائے۔
 
سید محمد عباس رضوی نے مزید کہا کہ اسلامی تحریک گلگت بلتستان میں ہونے والے 2014ء کے الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی اور اسمبلی میں پہنچ کر گلگت بلتستان کے عوام کی بھرپور نمائندگی کرے گی اور ان کے حقوق کیلئے آواز بلند کریگی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان گلگت بلتستان کے عوام کی ترجمانی کیلئے ایوان بالا اور ایوان زیرین میں بھی مناسب نمائندگی دے۔ انہوں نے الیکشن کمشنر آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ دھاندلی کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں۔ پریس کانفرنس میں صوبائی صدر سید محمد عباس رضوی، ضلعی صدر گلگت شیخ مرزا علی، ضلعی صدر بلتستان شیخ فدا حسن عبادی، سید محمد باقر الحسینی، شیخ زاہدی حسین زاہدی و دیگر موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 316353
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش