0
Friday 1 Nov 2013 09:42
اصلاح کے لیے صلاحیت کی ضرورت ہے

اتحاد بین المسلمین کمیٹی کا فیصل آباد میں اجلاس

اتحاد بین المسلمین کمیٹی کا فیصل آباد میں اجلاس
اسلام ٹائمز۔ اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب نے کوآرڈینیٹر زاہد محمود قاسمی کی سربراہی میں فیصل آباد کا دورہ کیا۔ سرکٹ ہاؤس میں ڈویژنل امن کمیٹی کے اجلاس میں کمیٹی کے دیگر علماء کرام خطیب داتا دربار مسجد مفتی محمد رمضان سیالوی، پیر محمد عثمان نوری، مولانا بشیر احمد نظامی، علامہ یونس حسن، مولانا اسدﷲ فاروق، مولانا نصرﷲ، مولانا حسنین عارف، مولانا یوسف انور، پیر محمد ابراہیم، مفتی محمد ضیاء مدنی اور حافظ محمد امجد شامل تھے جبکہ ڈویژنل کمشنر سردار اکرم جاوید، سی پی او ڈاکٹر حیدر اشرف اور ڈی سی او نورالامین مینگل نے محرم کے انتظامات اور مذہبی و فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی صورتحال سے اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کیا۔ فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع سے امن کمیٹیوں کے اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کوآرڈینیٹر اتحاد بین المسلمین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر کمیٹی کا وفد محرم الحرام سے قبل مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے تمام ڈویژنز کے دورے کر رہا ہے اور امن و امان کی راہ میں حائل تمام مسائل کو انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے حل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے تمام مکاتب فکر کو یکجا کر کے پاکستان بنایا اور ہم نے مل جل کر ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنا ہے۔

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ تمام مسالک کے علماء کرام یکساں طور پر قابل قبول اسلامی تعلیمات کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کریں تاکہ بھائی چارے، محبت اور صبر و تحمل کا جو سبق ہمیں اپنے اسلاف سے ملا ہے اس کی برکتوں سے مسلمانوں کی موجودہ نسل بھی مستفید ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کو امن اور بھائی چارے کا درس دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ خطیب داتا دربار مسجد نے کہا کہ نبی آخر الزمان (ص) نے دنیا سے نفرتوں کو مٹانے کی تعلیم دی اور مسلمانوں کو دوسروں کی دل آزاری سے منع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن ہم سب کی ضرورت ہے۔ انہوں نے علماء کرام سے کہا کہ وہ "اپنا مسلک نہ چھوڑو اور دوسروں کے مسلک کو نہ چھیڑو" کے اصول پر کاربند رہیں تاکہ مذہبی رواداری کی دائمی فضاء مستحکم رہے۔ اتحاد بین المسلمین کمیٹی میں شامل دیگر علماء کرام اور فیصل آباد ڈویژن کی امن کمیٹیوں کے علماء کرام نے اپنے خطاب میں کہا کہ اصلاح کے لیے صلاحیت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسالک کے علماء کرام کو ایک قوم بننے کی ضرورت ہے۔ اس وقت طاغوتی طاقتیں اسلامی بھائی چارے کو کمزور کرنے کے لیے سازشوں میں مصروف ہیں جنہیں انبیاء کے وارث علماء کرام اپنے مثالی اتحاد کے ذریعے ناکام بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی، اتحاد و اتفاق، امن و امان کی سلامتی اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

انتظامیہ کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق فیصل آباد کے چاروں ٹی ایم ایز کے عملے کو خصوصی ہدایات دی گئی ہیں کہ محرم الحرام کے لئے شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف فوری آپریشن کیا جائے۔ محرم الحرام سے قبل شہر کے تمام علاقوں بالخصوص مرکزی بازاروں میں ہر قسم کی تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا جائے اور محرم کے کسی بھی جلوس کے راستے میں حائل ہونے والی ہر قسم کی تجاوزات پختہ و عارضی کو فوری طور پر ختم کیا جائے جبکہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کی نگرانی ٹی ایم ایز کے افسران خود کریں۔ ڈی سی او نورالامین مینگل نے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 4 شعلہ بیاں مقررین کے ضلع میں داخلہ اور زبان بندی کے احکامات جاری کئے ہیں۔ ان احکامات میں جن علماء کرام کی ضلع میں داخلہ پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں عبدالحمید وٹو اور مولانا یوسف پسروری جبکہ جن علماء کرام کی زبان بندی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں ان میں آصف رضا علوی اور قاری محمد یاسین شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 316418
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش