0
Monday 4 Nov 2013 20:45

جماعت اہل سنت یکم سے دس محرم ’’عشرہ پیغام حسین(ع)‘‘ منائے گی

جماعت اہل سنت یکم سے دس محرم ’’عشرہ پیغام حسین(ع)‘‘ منائے گی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سیّد ریاض حسین شاہ نے اعلان کیا ہے کہ جماعت اہلسنّت یکم تا دس محرم ’’عشرہ پیغامِ حسین‘‘ منائے گی۔ اس دوران ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں پیغامِ حسین کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی۔ جماعت اہلسنّت کے عہدیداران و کارکنان محرم کے دوران قیام امن کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ تمام مکاتب فکر محرم میں برداشت، رواداری اور امن کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ امن پسند طبقات محرم میں فساد پھیلانے والوں کی سازشیں ناکام بنا دیں۔ اعتدال کا راستہ ہی اللہ اور رسول اللہ(ص) کا راستہ ہے۔ تمام مکاتب فکر محرم کے دوران ’’اپنا مسلک چھوڑو نہیں اور کسی کا مسلک چھیڑو نہیں‘‘ کے فارمولے پر عمل کریں اور زندہ رہو اور زندہ رہنے دو کی روش اختیار کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ تعلیمات اسلامیہ جماعت اہلسنّت کے مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں مفتی محمد اقبال چشتی، پیر خالد سلطان قادری، پیر سیّد شمس الدین بخاری، محمد نواز کھرل، ڈاکٹر حمزہ مصطفائی، صاحبزادہ محمد عثمان غنی، پیر سیّد خضر حسین شاہ، پیر سیّد سرور حسین شاہ موسوی، علامہ بشیر القادری، حافظ محمد زبیر، مولانا غلام سرور ہزاروی اور دیگر نے شرکت کی۔ سیّد ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ اسلام دشمن طاقتیں محرم جیسے مقدس مہینے میں فساد اور بدامنی پیدا کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ اسلامی سال کا آغاز اور اختتام قربانی پر ہوتا ہے جس سے مسلمانوں کو قربانی کا جذبہ اپنانے کا درس ملتا ہے۔ پاکستان مخالف عالمی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی یکجہتی ضروری ہے۔ فرقہ واریت کے ناسور نے وحدتِ اُمّت کو پارہ پارہ کر دیا ہے۔ مسلمانوں کا اتحاد ہی ترقی اور عروج کا ضامن ہے۔
خبر کا کوڈ : 317598
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش