0
Wednesday 13 Nov 2013 22:32

کراچی، نارتھ ناظم آباد پہاڑ گنج میں امام بارگاہ کے قریب یکے بعد دیگرے دو بم دھماکے، متعدد افراد زخمی

کراچی، نارتھ ناظم آباد پہاڑ گنج میں امام بارگاہ کے قریب یکے بعد دیگرے دو بم دھماکے، متعدد افراد زخمی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی مرکز کراچی میں نارتھ ناظم آباد کے علاقے پہاڑ گنج میں امام بارگاہ کے قریب یکے بعد دیگرے دو بم دھماکے، متعدد افراد زخمی۔ تفصیلات کے مطابق پہاڑ گنج میں امام بارگاہ کے قریب پہلا دھماکہ 9:40 بجے رات کو ہوا، جس میں 2 افراد زخمی ہوئے تھے، بم دھماکے میں امام بارگاہ کے قریب کھڑے ایک رکشہ اور گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی تھی۔ پہلے دھماکے کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ایس ایس پی سینٹرل عامر فاروقی کا کہنا ہے کہ دھماکہ ایک بلاک میں نصب بم کے ذریعے کیا گیا، دھماکے میں آدھا کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا، ملزمان نے دھماکہ کرنے کے لئے ٹائم ڈیوائس کا استعمال کیا، پہلے دھماکہ میں دو افراد زخمی ہوئے تھے جنہیں طبی امداد کے لئے عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری تھیں کہ دوسرا دھماکہ ہوا، جس میں 4 صحافیوں، 1 پولیس اہلکار اور 2 رینجرز اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکہ پہلے کی جگہ سے چند قدم کے فاصلے پر ہوا۔ دوسرا دھماکہ پہلے بم دھماکہ کی نسبت زیادہ شدید تھا۔ دوسرے دھماکے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق دوسرے دھماکے میں 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد افراتفری مچ گئی لیکن تھوڑی ہی دیر بعد مقامی افراد کی مدد سے امدادی رضاکاروں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

گورنر سندھ نے پہاڑ گنج دھاکوں کا نوٹس لے لیا ہے اور آئی جی سندھ سی سی پی او سے رپورٹ طلب کرلی ہے، شہر کراچی میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ گورنر سندھ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ مجالس اور جلوس عزا کی سیکورٹی میں کسی قسم کی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ محرم الحرام کی 8 ویں، 9 ویں اور 10 ویں محرم الحرام کے جلوس ہائے عزا میں دہشت گردوں کی جانب سے بم دھماکوں کی دھمکی کے بعد شہر میں سیکورٹی کی صورتحال الرٹ ہے اور پولیس اور رینجرز سمیت اسکاؤٹس کے ہزاروں رضاکار کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 320752
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش