0
Thursday 14 Nov 2013 13:04

لاہور میں مجالس، جلوسوں کا سلسلہ جاری، لاکھوں عزاداروں کی شرکت

لاہور میں مجالس، جلوسوں کا سلسلہ جاری، لاکھوں عزاداروں کی شرکت
اسلام ٹائمز۔ لاہور بھر میں شہدائے کربلا کی یاد میں مجالس اور جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے۔ آج بھی مختلف علاقوں میں نو محرم الحرام کے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے لاہور بھر میں مجالس، سوز خوانی اور عزاداری کا سلسلہ جاری ہے۔ علمائے کرام اور ذاکرین عظام امام عالی مقام علیہ السلام اور آپ کے ساتھیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم و مصائب بیان کر رہے ہیں۔ لاہور کی امام بارگاہوں کے ارد گرد سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ مختلف علاقوں میں نویں محرم الحرام کے جلوس برآمد ہو رہے ہیں۔ نوحہ خوانی سوز و سلام کے علاوہ عزادار سینہ کوبی اور زنجیر زنی کر رہے ہیں۔ اس موقع پر نذر ونیاز کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ کئی مقامات پر پانی، دودھ اور چائے کی سبیلیں بھی لگائی گئی ہیں۔

لاہور میں ہونے والی مجالس میں اہل تشیع کے ساتھ ساتھ اہل سنت بھی شریک ہو رہے ہیں بالخصوص اہل سنت علما بھائی چارے کے فروغ کے لئے مجالس عزا سے خطاب بھی کر رہے ہیں۔ دوسری جانب پولیس کے اعلیٰ افسر بھی مجالس کی سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے موچی دروازے کا دورہ کیا اور جلوس کے روٹ کا جائزہ لیا، اس موقع ایس ایس پی آپریشنز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ لاہور کے مختلف علاقوں سے جلوس بھی برآمد ہو چکے ہیں جو اپنے مقررہ راستوں پر گامزن ہے، لاہور میں مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ، شادمان، وسن پورہ، غازی آباد، امامیہ کالونی، جوہر ٹاون، کاہنہ، کینٹ سمیت دیگر علاقوں میں جلوس برآمد ہو چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 320868
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش