0
Saturday 31 Jul 2010 11:51

اپنی فوجیں پاکستان میں داخل نہیں کریں گے،امریکہ نے کرزئی کا مطالبہ مسترد کر دیا

اپنی فوجیں پاکستان میں داخل نہیں کریں گے،امریکہ نے کرزئی کا مطالبہ مسترد کر دیا
 واشنگٹن:اسلام ٹائمز-وقت نیوز کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان فلپ جے کراوولی نے پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں پر حملے کے متعلق افغان صدر کرزئی کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کیخلاف موثر کارروائی کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں اعتماد کا فقدان دور کرنے کے لئے کوششیں جاری ہیں،تاہم یہ کام راتوں رات ممکن نہیں۔
وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے اپنے حالیہ دورے کے دوران پاکستان کے لئے توانائی،صحت اور تعلیم سمیت متعدد منصوبوں کا اعلان کیا اور توقع ہے کہ اس کے مفید نتائج برآمد ہوں گے۔گزشتہ روز واشنگٹن میں معمول کی پریس بریفنگ کے دوران امریکی تحقیقاتی ادارے پیو ریسرچ کے حالیہ سروے کے مطابق پاکستانی عوام کی اکثریت امریکہ کو اپنا دشمن سمجھتی ہے کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ انہوں نے اس سروے کو نہیں دیکھا۔انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کے حالیہ اور گزشتہ اکتوبر کے دورہ پاکستان کے دوران محسوس کیا گیا تھا کہ ہمارے باہمی تعلقات میں اعتماد کا فقدان پایا جاتا ہے اور پاکستان میں یہ سمجھا جا رہا ہے کہ امریکہ اور عالمی برداری انہیں بیس سال پہلے کی طرح پھر چھوڑ جائے گی۔حالیہ مہینوں میں ہم نے اس اعتماد کے فقدان کو دور کرنے کے لئے سخت جدوجہد کی ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ ہم نہ صرف پاکستانی حکومت،بلکہ عوام کے ساتھ براہ راست رابطے کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں،تاکہ انہیں بتایا جائے کہ امریکہ پاکستان کے مستقبل کے حوالے سے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام امریکہ اور پاکستان کی شراکت داری کا ثمر دیکھنا چاہتے ہیں،جس پر حیرانگی نہیں ہونی چاہیے۔ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان امریکہ طویل المدتی شراکت داری ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان میں اپنے فوجی دستے نہیں بھیجے گا۔کراوولی نے کہاکہ ہم دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے خاتمے کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کرکام کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دہشت گردوں کے خلاف موثرکارروائی کررہی ہے،جس کا اندازہ سوات اور جنوبی وزیرستان کے فوجی آپریشنز سے لگایا جاسکتاہے۔ 
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان امن بات چیت امریکہ کے بھی مفاد میں ہے،اس لئے ہم دونوں ممالک کو مذاکرات کی ترغیب دیتے رہیں گے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستانی خفیہ ایجنسی کے طالبان کے ساتھ روابط پرانے اور سویت دور سے ہیں،اس سلسلے میں بھارت کی تشویش نئی بات نہیں ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ سعودی فرماں رواں شاہ عبداللہ اور شام کے صدر بشارالاسد کی ملاقات میں مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے فلسطین اسرائیل مذاکرات کی حمایت کی جائے گی۔
 اے آر وائی نیوز کے مطابق امریکہ نے افغانستان کی جانب سے سرحد پار پاکستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر حملے کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا پاکستان میں لڑاکا فوج بھیجنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان فلپ کرولے نے واشنگٹن میں صحافیون سے گفتگو کرتے ہوئے بھارت پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ جامع مذاکرات جاری رکھے۔انہوں نے افغان صدر حامد کرزئی کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ امریکی انتظامیہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں پاک فوج کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات سے مطمئن ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکہ،دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ختم کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے،کیوں کی دہشتگردوں کے ٹھکانے صرف پاکستان کے لیے نہیں،بلکہ افغانستان اور امریکہ کے لیے بھی بڑا خطرہ ہیں۔
خبر کا کوڈ : 32725
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش