0
Friday 27 Dec 2013 21:16

گذشتہ برس کی نسبت اس سال جرائم کی وارداتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، سی سی پی او کوئٹہ

گذشتہ برس کی نسبت اس سال جرائم کی وارداتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، سی سی پی او کوئٹہ

اسلام ٹائمز۔ کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہا ہے کہ پولیس کی بہتر کاوشوں کی بدولت گذشتہ برس کی نسبت اس سال جرائم کی وارداتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے فرض سے غافل نہیں۔ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ اب تک اغواء ہونے والوں میں سے صرف ارباب عبدالظاہر کاسی کی بازیابی باقی ہے، تمام مغویان کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 21 دسمبر کو سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقے مشرقی بائی پاس سے مسلح افراد اسلحہ کے زور پر نور محمد وردگ کو اغواء کرکے لے گئے تھے۔ پولیس نے رپورٹ ملنے کے بعد ان کی بازیابی کیلئے مختلف علاقوں میں کارروائیاں شروع کیں، تو 24 دسمبر کو ایک فون کال کے ذریعے ان کے اہلخانہ سے ان کی رہائی کے بدلے ڈھائی کروڑ روپے تاوان طلب کیا گیا۔ جس کے بعد پولیس نے مذکورہ نمبر کو حاصل کرکے تفتیش کا عمل آگے بڑھایا اور 25 دسمبر کی شب ایس ایس پی انوسٹی گیشن سید مبین شاہ کی قیادت میں پولیس نے تھانہ نیو سریاب کے علاقے سیف اللہ کالونی نزد سریاب مل میں ایک زیرتعمیر مکان پر چھاپہ مارا جہاں مغوی کو زنجیروں میں باندھ رکھا تھا۔ اسے بازیاب کرا لیا گیا۔ تاہم وہاں سے کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، کیونکہ اغواء کار پہلے ہی فرار ہو چکے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران پولیس کو کچھ کاغذات اور 5 موبائل فون ملے ہیں۔ جن کے ذریعے مختلف پہلوؤں پر تفتیش کا دائرہ کار شروع کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ایس ایس پی انوسٹی گیشن سید مبین شاہ نے بتایا کہ گذشتہ برس اغواء برائے تاوان کے 54 جبکہ رواں سال 30 واقعات رونما ہوئے ہیں اور گذشتہ سال کے اغواء برائے تاوان کے واقعات میں سے 24 کا چالان عدالتوں میں پیش کر چکے ہیں۔ اسی طرح گاڑیاں چھیننے کے واقعات سمیت گھریلو ڈکیتیوں کی وارداتوں میں بھی 35 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے اپنے فرض سے غافل نہیں۔ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کوئی لمحہ ضائع کئے بغیر دن رات اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ارد گرد مشکوک افراد اور اشیاء پر نظر رکھیں، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے کیونکہ شہریوں کے تعاون کے بغیر جرائم کا خاتمہ ممکن نہیں۔ پریس کانفرنس میں گذشتہ شب بازیاب ہونے والے حاجی نور محمد وردگ کے اہلخانہ کی جانب سے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر کو ان کی بازیابی میں چھاپہ مار ٹیم کیلئے 5 لاکھ روپے نقد انعام دینے کیلئے پیش کئے۔ جسے انہوں نے لینے سے انکار کر دیا اور سی سی پی او نے بتایا کہ انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان مشتاق احمد سکھیرا کے حکم کے بغیر ایسا نہیں کر سکتے۔ تاہم انہوں نے اس موقع پر کارروائی کرنے والے پولیس اہلکاروں کیلئے ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔

خبر کا کوڈ : 334868
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش