0
Sunday 19 Jan 2014 10:20
کالعدم ٹی ٹی پی نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی

بنوں، سکیورٹی فورسز کے قافلے میں دھماکہ، 22 اہلکار شہید، 30 زخمی

بنوں، سکیورٹی فورسز کے قافلے میں دھماکہ، 22 اہلکار شہید، 30 زخمی
اسلام ٹائمز۔ بنوں میں سکیورٹی فورسز کے قافلے میں دھماکے سے 22 اہلکار شہید اور 30 زخمی ہوگئے۔ بارودی مواد ایف سی کی جانب سے کرائے پر لی گئی نجی گاڑی میں نصب کیا گیا تھا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق بنوں سے ہر ہفتے اور اتوار کو فورسز کے قافلے اہل کاروں کی تعیناتی اور سامان کی ترسیل کے لیے شمالی وزیرستان جاتے ہیں۔ یہ عمل روڈ آپریشنل ڈیپلائے منٹ کہلاتا ہے اور اس مقصد کے لیے نجی گاڑیاں بھی کرائے پر لی جاتی ہیں۔ اتوار کی صبح بھی میران شاہ جانے کے لیے فورسز کے قافلے میں شامل گاڑیاں بنوں کینٹ میں رزمک گیٹ پر جمع ہو رہی تھیں۔ اس دوران 8 بجکر 45 منٹ پر قافلے میں شامل ایک نجی گاڑی میں دھماکہ ہوگیا۔ دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ پورے بنوں میں اس کی آواز سنی گئی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق جس گاڑی میں بارودی مواد نصب کیا گیا اس میں ایف سی کے اہل کار سوار تھے۔ لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر کمبائنڈ ملٹری اسپتال بنوں منتقل کیا گیا۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کا محاصرہ کرلیا اور کسی کو دھماکے کے مقام کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ذرائع کے مطابق اس بارے میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں کہ پرائیوٹ گاڑی کس کے ذریعے اور کس سے کرائے پر لی گئی تھی۔

دیگر ذرائع کے مطابق بنوں میں آمندی کے قریب سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ ہوا، جس کے باعث 22 سکیورٹی اہلکار شہید اور 30 زخمی ہونگے۔ دھماکے میں شہید اہلکاروں اور زخمیوں کو سی ایم ایچ منتقل کیا جا رہا ہے۔ دھماکہ سکیورٹی فورسز کے قافلے میں شامل گاڑی میں ہوا ہے۔ گاڑی سکیورٹی اہلکاروں کی نقل و حرکت کیلئے کرائے پر حاصل کی گئی تھی۔ کینٹ کے جانب جانے والے تمام راستے بند کر دیئے گئے ہیں. کرائے پر حاصل کی گئی گاڑی کو حراست میں لے لیا گیا۔ بنوں میں دہشت گردی کے خدشات پر انٹیلی جنس رپورٹ 2 دن پہلے آگئی تھی۔ عسکریت پسند بنوں کینٹ کے علاقے میں کارروائی کرسکتے ہیں۔ حملے کی اطلاع کے بعد گذشتہ رات کینٹ کے علاقے میں سکیورٹی بڑھائی گئی تھی۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے بنوں میں سکیورٹی فورسز پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
خبر کا کوڈ : 342701
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش